نیلم پوائنٹ کوہالہ پر ٹرک حادثہ، ملتان کا سیاح خاندان لقمہ اجل بن گیا
مل بردار ٹرک نے بریک فیل ہونے پر کئی گاڑیاں کچل ڈالیں۔میاں بیوی اور بیٹی موت کا رزق بن گئے

نیلم پوائنٹ کوہالہ کے مقام پر ایک مال بردار ٹرک بریک فیل ہونے کے باعث متعدد گاڑیوں کو روندتا ہوا آگے بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین افراد موقع پر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والا سیاح خاندان ملتان سے تعلق رکھتا ہے جن میں میاں بیوی اور بیٹی شامل ہیں۔تینوں کی میتیں ریسکیو 1122 مظفرآباد کی ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری پہنچا دی گئی ہیں جہاں سے انہیں آبائی شہر روانہ کیا جائے گا.زخمی سیاحوں کا تعلق پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے بتایا جاتا ہے.
حادثے کا شکار ہونے والا ٹرک پل کی ریلنگ سے ٹکرا کر رک گیا اور دریائے جہلم میں گرنے سے بچ گیا۔
خوفناک حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر چیخ و پکار مچ گئی اور لوگ زخمیوں کی مدد کے لیے دوڑ پڑے۔
واضح رہے کہ موسم گرم کے سیزن کے باعث اس وقت نیلم پوائنٹ کوہالہ پر سیاحوں کا بے پناہ رش ہوتا ہے جو دریائے جیلم کے پانی اور پاکستان اور آزاد کشمیر کے مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے دور دراز سے آتے ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 مظفرآباد کی دو لائف کیئر ایمبولینسز کوہالہ روانہ ہو گئیں۔ حادثے کے حوالے سے مزید تفصیلات ملنے پر قارئین کو آگاہ کیا جائے گا۔
جائے حادثہ کا منظر