نوازلیگ خیبرپختونخوامیں دھڑے بندی سے کارکن مایوس

نوازلیگ خیبرپختونخوامیں شدید  اختلافات اور دھڑے بندی پر قیادت کی خاموشی نے کارکنوں کی مایوسی میں اضافہ کر دیا ہے۔

نظریاتی گروپ نے آخری امید کے طور پر پارٹی قائد میاں نواز شریف  سے مداخلت کی امیدیں وابستہ کرلی ہیں۔اس کے باوجود کوئی فیصلہ نہ ہونے اور مسلسل نظر انداز کیے جانے کی صورت میں  پارٹی سے راہیں جدا کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

WhatsApp Image 2023 06 03 at 18.16.03 1 jpeg

اس سلسلے میں نظریاتی گروپ ورکر بچاؤ تحریک کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات پیر عظمت شاہ نے ایبٹ آباد کا ایک روزہ دورہ کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن نظریاتی گروپ کے سیکرٹریٹ میں نظریاتی گروپ کے صوبائی سینئر نائب صدر سردار عبدالرشید،محمد خان سواتی،مسلم یوتھ آرگنائزیشن کے چیف آرگنائزر طارق خان جدون،زاہد خان جدون کے علاوہ دیگر کارکنان بھی  اجلاس میں شریک تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر عظمت شاہ کا کہنا تھا خیبر پختون خوا میں پارٹی کے دیرینہ کارکنان کی جدوجہد تین سال سے زائد عرصہ سے جاری ہے۔ اختلافات کے متعلق صوبائی اور مرکزی قیادت کے نوٹس میں لائے جانے کے باوجود کسی قسم کا نوٹس نہیں لیا گیا۔

 

ان کا کہنا تھا صوبہ میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی ناکامی دھڑے بندی کا نتیجہ ہے،اب ایک ماہ قبل ضمنی انتخاب میں 72 نشستوں میں مسلم لیگ ن کسی ایک نشست پر بھی کامیاب نہیں ہو سکی۔اس صورت حال میں عام انتخابات میں خیبر پختون خوا سے مسلم لیگ ن کو شدید مشکلات کا سامنا ہوگا۔انہوں نے پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نوازپر زور دیا کہ وہ اپنے والد کی پارٹی کو تباہ ہونے سے بچائیں اور پارٹی کو ہونے والے نقصان کا وقت سے قبل ازالہ کریں۔

اس موقع پر صوبائی سینئر نائب صدر سردار عبدالرشید کا کہنا تھاکہ قائد میاں نواز شریف اس حساس معاملے پر خود نوٹس لیں پارٹی خیبر پختونخوا میں تباہ ہو چکی ہے۔اگر یہ سلسلہ برقرار رہا تو نظریاتی اور  قربانیاں دینے والے کارکنان برسوں کی رفاقت ختم کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

Nawaz League Khyber Pakhtunkhwa workers disappointed with factionalism نوازلیگ خیبرپختونخوامیں دھڑے بندی سے کارکن مایوس
ایک تبصرہ چھوڑ دو