میٹرک پوزیشن ہولڈرز کوگارڈ آف آنر پر وزیر اعلیٰ مریم نواز خوشی سے آبدیدہ
پوزیشن ہولڈرز اور اساتذہ کیلئے کروڑوں کے کیش پرائز،گارڈ آف آنر، سکالرشپس کا اعلان
وزیراعلی مریم نوازشریف کی جانب سے پنجاب بھر کے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز کو کروڑوں کے کیش پرائزانعامات،سکالر شپ،گارڈ آف آنر، میرٹ کو سیلوٹ اوراسناد تقسیم کی گئیں۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر کے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز کی لیڈرز فارٹو ماروایوارڈز 2024ء کی تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب کے 9 بورڈز کے 138 پوزیشن ہولڈرز طلباء اور انکے اساتذہ کو 5کروڑ 86 لاکھ کے کیش انعامات دئیے گے اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو سی ایم اسکالرشپ پروگرام دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں پاکستان کی پہلی آرٹی فیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی قائم کرنے کے لئے جلد از جلد اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز بچے جہاں تعلیم حاصل کرنے چاہتے ہیں، کریں، فیس میری ذمہ داری ہے۔ پنجاب بھر کے پوزیشن ہولڈرز کو پنجاب پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف خوشی سے آبدیدہ ہوگئیں۔ پنجاب پولیس کے بینڈ نے پوزیشن ہولڈرز کو سلامی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پوزیشن ہولڈرز سے ملاقات کی اور کامیابی پر شاباش دی۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ایجوکیشن سیکٹر کے سپیشل انیشیٹیوز پر طلباء کے فیڈ بیک پر ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی تقریب میں آمد پر پوزیشن ہولڈرز بچوں نے پر زور تالیاں بجا کر استقبال کیا۔
یہ وطن تمہارا ہے، تم ہو پاسباں اس کے
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچو یہ وطن تمہارا ہے، تم ہو پاسباں اس کے۔ یہ مٹی بہت زرخیز ہے، ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو مومنٹو پیش کیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو شفاف امتحانات کا موقع نہ ملتا تو یہ متوسط طبقے کے بچے کبھی پوزیشن حاصل نہ کرتے۔ میانوالی کے دانش سکول کے بچے نے لاہور بورڈ ٹاپ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ایجوکیشن سیکٹر میں تاریخ سازاصلاحات لا رہی ہیں، سرکاری سکولوں کو ری ویمپ کر رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر انشاء اللہ بوٹی مافیا کا جلد مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ تقریب میں موجود ڈی جی خان بورڈ کے ضیا الحق نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو پینٹنگ پیش کی۔سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء سکندر حیات،بلال یٰسین، ذیشان رفیق،رمیش سنگھ اروڑا، معاون خصوصی ذیشان ملک،متعلقہ سیکرٹریز اور پوزیشن ہولڈرز بچوں کے والدین سمیت دیگر حکام نے تقریب میں شرکت کی۔
Maryam Nawaz overjoyed at Position Holders' Guard of Honour، پوزیشن ہولڈرز کوگارڈ آف آنرپرمریم نوازخوشی سے آبدیدہ