میجر سعد بن زبیر شہید پر پوری قوم کو فخر ہے،انوارالحق

میجر سعد بن زبیر شہید پر پوری قوم کو فخر ہے،انوارالحق
وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے بلوچستان میں دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر سعد بن زبیر شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ میجر سعد بن زبیر شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے باغ کے مقامی ڈگری کالج میں ادا کی گئی۔ میجر سعد بن زبیر شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے بنی پساری سے تھا۔ ان کی نماز جنازہ میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان ، وزرائے حکومت سردار میر اکبر خان ، سردار ضیاء القمر،مشیر حکومت احمد صغیر سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے میجر سعد بن زبیر شہید کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور اُن سے اظہار تعزیت بھی کیا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے میجر سعد بن زبیر شہید کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر سعد بن زبیر شہید پر پوری قوم کو فخر ہے شہید کو وطن کے لیے جان قربان کرنے پر سلام پیش کرتے ہیں۔