مودی کو بڑا جھٹکا، ایکس کے مالک ایلون مسلک کا دورہ بھارت ملتوی
گاڑیاں بنانے والے نمایاں ادارے ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک نے بھارت کا دورہ ملتوی کردیا ہے۔
اپنی ایک ایکس پوسٹ میں ایلون مسک نے بتایا کہ ٹیسلا کے حوالے سے ذمہ داریاں اس وقت زیادہ اہم ہیں اس لیے بھارت کا دورہ اِسی سال کسی وقت کیا جائے گا۔
ایلون مسک 21 تا 23 اپریل بھارت کا دورہ کرنے والے تھے، اس دورے میں انہیں وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کرنی تھی اور ساتھ وہ بھارت میں 2 سے 3 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کرنے والے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سالِ رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیسلا کی کارکردگی سے متعلق سوالوں کا جواب دینے کے لیے ایلون مسک کو 23 اپریل کو امریکہ میں اہم کانفرنس کال کرنی ہے۔
انڈین مارکیٹ میں ٹیسلا کی انٹری کا ایک زمانے سے انتظار ہو رہا ہے، بھارتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کاریں بنانے والے جو ادارے بھارت میں سرمایہ کاری کریں گے، اُن کی بنائی ہوئی گاڑیوں پر درآمدی ڈیوٹی کم کردی جائے گی۔
واضح رہے نارمل اور الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والے چینی اداروں کی طرف سے ٹیسلا کو غیر معمولی مسابقت کا سامنا ہے جس کے باعث بہت سے منصوبے سرد خانے میں ڈال دیئے گئے ہیں۔