
ملک ریاض عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے تیار؟
میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض عنقریب ایک ہولناک اور انکشافاتی پریس کانفرنس کرنے والے ہیں جس میں وہ عمران خان کے خلاف اہم انکشافات کریں گے۔مذکورہ ذرائع کا دعوی ہے کہ ملک ریاض عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ کیس جس میں 120 ملین پاؤنڈ کی منی لانڈرنگ انوالو ہے، اس میں تحریک انصاف کے چیئرمین کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین کے خلاف ملک ریاض کے وعدہ معاف گواہ بننے کی خبریں کافی عرصے سے چل رہی ہیں تا ہم اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہو پایا تھا۔اس دوران بحریہ ٹاؤن کراچی میں بڑے پیمانے پر ہونے والے گھپلوں کے نتیجے میں ملک ریاض شدید دباؤ کا شکار رہے ہیں اور اس وقت بھی وہ ملک سے باہر ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک ریاض اپنے تمام اہم رابطوں سے مایوس ہو چکے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں انہوں نے نواز لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف سے ملاقات میں بھی مدد طلب کی تھی تاہم انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ملک ریاض کسی بھی طرف سے کوئی امید افزا خبر نہ ملنے پر عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے پر تیار ہو گئے ہیں جس کا ایک بڑا سبب بحریہ ٹاؤن کراچی میں کرپشن اور بے قاعدگیوں کے اہم ثبوت سامنے آ نا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں شیر افضل مروت پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر بن گئے
ذرائع کا کہنا ہے کہ ائندہ ایک دو روز میں ملک ریاض ایک دھواں دار قسم کا ٹی وی انٹرویو دے سکتے ہیں جس میں وہ تحریک انصاف کے سربراہ، ان کی اہلیہ اور اہلیہ کے دوست فرح گوگی کے حوالے سے اہم انکشافات کریں گے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ملک ریاض سے منسوب کئی جملے زیر گردش ہیں جو وہ ممکنہ طور پر اپنی کسی پریس کانفرنس یا ٹی وی انٹرویو میں بیان کر سکتے ہیں۔
ملک ریاض سے منسوب ان غیر مصدقہ جملوں میں کہا گیا ہے کہ میری بیٹی سے صرف ہیرے جواہرات نہیں بلکہ بہت کچھ لیا گیا۔
عمران خان کی اہلیہ بشری پیرنی ہم سے ایک ارب روپے نقد وصول کر چکی ہے۔اس نے میری بیٹی کو بنی گالہ میں 12 گھنٹے تک بند کیے رکھا اور پیسوں کا مطالبہ کرتی رہی۔ میرے پاس تمام اڈیو کالز کی ریکارڈنگ موجود ہیں اور بہت جلد سامنے لاؤں گا۔
ملک ریاض کے ممکنہ انٹرویو
ملک ریاض کے ممکنہ انٹرویو کے حوالے سے ان سے منسوب جملوں میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے خود مجھ سے بات کر کے 20 ارب روپے کا مطالبہ کیا جس کے بعد اپنی سابق اہلیہ جمائمہ کے اکاؤنٹ میں فرح گوگی کے ذریعے کچھ رقم ٹرانسفر بھی کرائی۔ علاوہ ازیں بشری بی بی کے نام پر برطانیہ میں فلیٹ کا مطالبہ بھی کیا گیا جبکہ سینٹ الیکشن میں عمران خان نے مجھ سے ہارس ٹریڈنگ میں مدد مانگی تھی اور کچھ ایسے نام دیے تھے جنہیں رقم ادا کرنے کو کہا گیا تھا۔
ملک ریاض سے منسوب جملوں میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبر پختون خواہ کے دو سابق وزراء نے بہت بڑا حصہ وصول کیا جن کے بارے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ان دونوں کو ناراض نہیں کیا جا سکتا۔
ملک ریاض سے منسوب بیان
ملک ریاض سے منسوب بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے دوران عمران خان نے مجھ سے ایم کیو ایم کو لے دے کر منانے کی بات کی اور آ صف زرداری کے ساتھ ڈیل کرانے کو کہا۔دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت ان جملوں کی صحت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ ابھی یہ بھی نہیں معلوم کہ ملک ریاض پریس کانفرنس کے ذریعے اس قسم کے انکشافات کریں گے یا پھر ٹی وی انٹرویو کے ذریعے گفتگو کریں گے تاکہ انہیں سوالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔