
معافی آخری آپشن نہیں ، ڈاکٹر عافیہ رہائی تحریک جاری رہے گی
عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے کہا ہے کہ صدارتی معافی آخری آپشن نہیں تھا، ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی تحریک جاری رہے گی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ سے ایف ایم سی کارسویل جیل ، ٹیکساس میں ملاقات کی۔اس موقع پر امریکہ کی سول صوسائٹی نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور ان سے اظہاریکجہتی کیلئے جیل کے باہر ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔
عافیہ موومنٹ میڈیا سیل کو موصولہ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فوزیہ کو ایف ایم سی کارسویل ان کے وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ لے کر گئے۔ کلائیو اسمتھ نے کہا کہ براہ کرم ملاقات کے دوران دونوں بہنوں کو ناقابل برداشت اذیت کے بارے میں سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں درجہ حرارت -6 ہونے کے باعث سخت سردی ہے ،ہر شے جمی ہوئی ہے اور ڈاکٹر فوزیہ کو اپنی بہن سے ملنے کیلئے دفتری کاروائی کے باعث کافی دیر تک انتظار کرنا پڑا۔ ایف ایم سی کارسویل کی مسلسل ہولناکیوں کے باعث کلائیو اسمتھ وہاں موجود رہے۔ ڈاکٹر فوزیہ 10,000 میل کا سفر طے کرکے اپنی بہن سے ملنے آئی ہیں مگر انہوں نے ملاقات کا وقت 2 گھنٹے سے بھی کم کر دیا۔
ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ میری عافیہ سے ملاقات میں اس طرح گڑبڑ کر دی گئی کہ 4 میں سے صرف 2 گھنٹے ملاقات کی اجازت دی گئی اور اس محدود وقت کا ایک حصہ سیکیورٹی چیکنگ میں تاخیر کی نذر ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ سے ملاقات دل کو مجروح، جذباتی طور پرانتہائی تکلیف دہ تھی۔ میرا اس مرتبہ امریکہ آنے کا مقصدعافیہ کو جیل سے باہر لانا تھا، میں اسے جیل میں واپس چھوڑکر جا رہی ہوں۔ان خاردار تاروں کے پیچھے میری سچے موتیوں جیسی انمول عافیہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے جذبات کا کیسے اظہار کروں، دل مجروح، دماغ سُن اور آنسو بہنے لگتے ہیں۔ سب کی خواہش ہے کہ عافیہ کی رہائی عمل میں آجائے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ عافیہ نے اپنے تمام سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے جو مل کران کی رہائی کی تحریک چلا رہے ہیں ۔جس وقت ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اپنی بہن سے ملاقات کررہی تھیں،
ایف ایم سی کارسویل جیل کے باہر بڑی تعداد میں لوگوں نے ڈاکٹر عافیہ سے اظہار یکجہتی اور ان کی رہائی کے ساتھ تاریخی پرامن مظاہرہ کیا۔کلائیو اسٹافورڈ اسمتھ اور الحاج موری سلاخن بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے FMC کارسویل کے سامنے احتجاج کرنے والی ڈلاس سٹی کی DFW کمیونٹی میں شامل ہوئے۔عافیہ فاو ¿نڈیشن کے ڈائریکٹر آپریشنز الحاج موری سلاخن 2009 سے امریکہ میں ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کی تحریک چلا رہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے وکیل کلائیو اسٹافورڈ اسمتھ نے یقین دلایا کہ اگر بائیڈن نے معافی نہیں بھی دی تو عافیہ کسی نہ کسی طرح جیل سے باہر ضرور آجائے گی۔اسلامک ایسوسی ایشن آف ناردرن ٹیکساس (IANT) کے ریزیڈنٹ اسکالر ڈاکٹر آصف ہیرانی نے کہا مسلم کمیونٹی عافیہ صدیقی کی حمایت جاری رکھنے کیلئے اپنے اماموں اور کمیونٹی سے رابطہ کرتے رہیں۔