مری کےسرکاری ہسپتال میں کروڑوں کی ڈائیلاسز مشینیں پڑے پڑے زنگ آلود
ایک انتہائی قیمتی مشین چند ماہ قبل ہسپتال کے اندر سے چوری بھی ہو چکی ہے

مری کے سرکاری اسپتال میں کروڑوں روپے مالیت کی ڈائیلاسز مشینیں پڑے پڑے زنگ آلود ہو گئیں۔ مریض راولپنڈی اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں علاج کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری کو چند برس قبل حکومت پنجاب کی جانب سے دی گئی کروڑوں روپے مالیت کی ڈائیلاسز مشینیں سٹور میں پڑے پڑے زنگ آلود ہو رہی ہیں۔ جب کہ ان میں ایک انتہائی قیمتی مشین چند ماہ قبل ہسپتال سے چوری بھی ہوچکی ہے۔ جس کا تاحال نہ تو کوئی سراغ ملا ہے اور نہ ہی ہسپتال انتظامیہ یا محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوئی سنجیدہ کوشش کی گئی ہے۔ جس سے عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ مری اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے گردے کے مریضوں کی بہت بڑی تعداد راولپنڈی، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں علاج معالجے کےلیے ہسپتالوں میں دھکے کھاتی پھرتی ہے۔ جب کہ اپنے شہر میں دستیاب سہولت سے ان لوگوں کو فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں مل رہا۔ نیز متعلقہ حکام بھی اس اہم ترین معاملے کے حوالے سے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کر رہے ہیں۔
شہریوں اور عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر مری، کمشنر راولپنڈی اور محکمہ صحت کے اعلی حکام سے ان مشینوں کو فوری طور پر مریضوں کےلیے کار آمد بنانے کے ساتھ ساتھ متعلقہ عملے اور ڈاکٹروں کی فوری تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔ نیز ہسپتال سے چوری ہونے والی نئی مشین برآمد کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔