مری میں دو سگی بہنوں کے سفاک قاتل کو دو بار سزائے موت

مری کی عدالت نے دو سگی بہنوں کے قاتل کو دو بار سزائے موت کا حکم دیدیا جبکہ دس سال قید جرمانہ اس کے علاوہ ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق مری کی عدالت میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی رائے محمد خان کھرل کی عدالت نے دہرے قتل کے مشہور مقدمے کے مجرم یاسر رزاق کو جرم ثابت ہونے پر دو بار سزائے موت پانچ سال قید بامشقت اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے ۔ واضح رہے کہ 2004 میں جھیکا گلی مری میں رشتے کے تنازعہ پر ملزم یاسر نے خاقان عباسی کے گھر میں گھس کر دو سگی بہنوں ندا اور سعودہ کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا جبکہ حملے میں تیسری بہن میمونہ زخمی ہوگئی تھی ۔ملزم کے خلاف تھانہ مری میں قتل اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت زخمی میمونہ خاقان کے بیان پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی ۔واردات کے بعد ملزم فرار ہو کر دبئی پہنچ گیا تھا جسے 2017 میں انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان واپس لایا گیا۔ جرم ثابت ہونے اور ٹرائل مکمل ہونے پر منگل کے روز ملزم یاسر کو دو مرتبہ سزائے موت اور جرمانے کی سزا سنائی گئی ۔ میمونہ کو زخمی کرنے کے جرم میں مجرم کو پانچ سال قید بامشقت بھگتنا ہو گی۔