
مری سمیت چار نئے اضلاع کا نوٹی فیکیشن معطل
پنجاب حکومت نے سابق وزیر اعلی کی جانب سے گزشتہ سال اکتوبر میں بنائے گئے ایک نئے ڈویژن، چار نئے اضلاع اور چار تحصیلوں کے قیام کے نوٹیفکیشن معطل کر دیے ہیں اور اس حوالے سے محکمہ بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے دور حکومت میں گجرات کو ڈویژن کا درجہ دیا گیا تھا جبکہ قبل ازیں وزیرآباد ، کوٹ ادو، تلہ گنگ اور مری کو ضلع کا درجہ دیا گیا تھااور اس حوالے سے الگ الگ نوٹی فیکیشن جاری کیے گئے تھے۔ تاہم نگراں وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر یہ تمام نوٹیفی کیشن معطل کر دیئے گئے ہیں اور مذکورہ علاقوں کی پوزیشن اپنی پرانی سطح پر بحال ہو گئی ہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈویژن اور اضلاع کی معطلی کا یہ اقدام الیکشن کے انعقاد تک کیلئے ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ مری تحصیل کو ضلع کا درجہ دینے اور اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ طویل عرصے سے کیا جا رہا تھا، جبکہ گزشتہ برس برف باری کے دوران پیش آنے والے سانحہ کے بعد انتظامی امور بہتر بنانے کے لئے ضلع کے قیام کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا جا رہا تھا۔مری ضلع کے قیام کے اعلان کے بعد یہاں ڈپٹی کمشنر ،ضلعی پولیس سربراہ اور دیگر انتظامی عہدوں پر تقرر کا سلسلہ بھی جاری تھا تاہم اضلاع کے نوٹی فیکیشن معطل کرنے کے بعد سیاسی ،عوامی اور سماجی حلقوں میں اس حوالے سے شدید احتجاج اور ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس اہم ترین ہل اسٹیشن سے ملحقہ آبادیوں اور دور دراز علاقوں کے مسائل تحصیل کی سطح پر حل ہونا ممکن نہیں ہے۔حکومت کو چاہیے کہ وہ معطلی کا نوٹی فیکیشن واپس لے اور مری کو ضلع کا درجہ دینے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔