مریم نوازکا 12.5 لاکھ خاندانوں کو راشن کارڈ دینے کا اعلان

مریم نوازکا 12.5 لاکھ خاندانوں کو راشن کارڈ دینے کا اعلان

لاہور۔۔۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ساڑھے12لاکھ محنت کش خاندانوں کو راشن کارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ورکرز اور کان کنوں کے لئے راشن کارڈ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ انڈیا اور پاکستان کے بارڈر پر کشیدگی ہے لیکن فکر کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پاک فوج ہر خطرے کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان، پاکستانیوں اور پاک فوج کو دشمن کا مقابلہ کرنے کی جرات عطا کی ہے۔پاکستانی عوام سے کہنا چاہتی ہوں کہ ہماری کسی بھی پارٹی سے تعلق ہو ہمیں اس موقع پر پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی دشمن حملہ کرنے سے پہلے دس بار سوچے گاکیونکہ سب جانتے ہیں پاکستان ایٹمی قوت ہے۔پاکستان کو ایٹمی قوت نوازشریف نے بنایا۔ ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہونے کا کریڈٹ شہدا ء کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ محمد نوازشریف کی کوششوں کو جاتے ہیں۔ ورکرز کے لئے راشن کارڈ کا دیرینہ خواب پورا ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہونے والی ترقی مزدور کی محنت کی مرہون منت ہے۔ نئی سڑکیں، ہوائی اڈوں، ہسپتالوں اور موٹرویز بنانے کے لئے مزدور سب سے زیادہ محنت کرتا ہے۔ ملک میں ترقی مزدورں اور محنت کشوں کی وجہ سے ہورہی ہے تو اس کو ثمر بھی ملنا چاہیے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ راشن کارڈ کے ذریعے تین ہزارروپے ماہانہ ملے گا۔ خواہش اور دعا ہے کہ کسی غریب اور مزدور اور محنت کش کا بچہ خالی پیٹ نہ سوئے۔ لیبر منسٹر فیصل کھوکھر، ان کی ٹیم اور صوبائی وزیر معدنیات شیر علی گورچانی کو 40ہزار کار کنوں کے راشن کارڈ دینے پر شاباش دیتی ہوں۔ راشن کارڈپروگرام ابتدائی طور پر 50بلین روپے سالانہ سے شروع کررہے ہیں۔پوری کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ محنت کش راشن کارڈ پروگرام میں مزیدشامل ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ راشن کارڈ ان لوگوں کے لئے جوبھیک مانگتے ہیں بلکہ 15سے16گھنٹے کام کرنے والوں کے لئے ہے۔مظفر گڑھ سے آنے والے ورکر کو دیکھ کر خوشی ہوئی جو اعضا سے محروم ہونے کے باوجود محنت پر یقین رکھتا ہے۔ ہر ورکرز کے لئے کم از کم اجرت 37ہزار کو ہر صورت یقینی بنا رہے ہیں۔مجھے خوشی ہے کہ تین ہزار روپے ہی سہی حکومت کی طرف سے محنت کشوں کو امداد دی جارہی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ جب سے اقتدار سنبھالا کوشش ہے کہ کسی شخص کو نا آنے پڑا بلکہ حکومت خود مدد کو پہنچے۔ لوگوں کا قطاروں میں لگ کر راشن وغیرہ دینامجھے اچھا نہیں لگتا۔ موجودہ حکومت نے 30ہزار خاندانوں کوپہلے رمضان المبارک میں ان کے گھروں پر راشن پہنچایا۔ اس رمضان المبارک میں 10ہزار روپے چیک لوگوں کے گھروں تک پہنچے گئے۔ عوام کی امانت ہے جو عوام کو گھر گھر جاکر پہنچارہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مخلوق کی خدمت کے لئے اقتدار کی ذمہ داری سونپی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اگر پاکستان کو کسی نے ترقی دینے کا سوچا تو محمد نوازشریف نے سوچا۔موٹروے اور دیگر منصوبوں کا بھی نوازشریف نے ہی سوچا۔ جب بھی معیشت اوپر اور مہنگائی جب بھی نیچے گئی محمد نوازشریف کا دور تھا۔ کبھی بجلی کی قیمت کم ہونے کا نہیں سنا تھا مگر محمد شہباز شریف صاحب نے بجلی کے نرخ کم کیے۔جب بجلی کے نرخ زیادہ تھے تو ہم نے ریلیف کے لئے 52ارب روپے سبسڈی دی۔روٹی کی قیمت 25،30سے کم ہوکر 12 سے 15روپے پر آگئی یہ بھی کبھی نہیں ہوا تھا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سب صوبوں کے پاس وسائل ہیں، مسئلہ وسائل کا نہیں بلکہ خدمت کی نیت کا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان کو نقصان نہ ہونے کا وعدہ پورا کیا،روٹی کے نرخ بھی بڑھنے نہیں دیئے۔یہ وہ پنجاب ہے جہاں حکومت خود چل کر عوام کے پاس جاتی ہے۔پوری طرح عوام کی جنگ لڑرہی ہوں، ہر گھر میں خوشحالی آنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گی۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہڈیوں، جلد، برن یونٹ، ٹراما سمیت جدید ترین میڈیکل سٹی لاہور بنارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سرگودھا میں نوازشریف انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی جون تک فعال ہوجائے گا۔پاکستان کے پہلے نوازشریف کینسر ہسپتال کی چوتھی منزل بن رہی ہے۔اپنی ٹیم سے کہہ کر گرین بس کا کرایہ 20روپے سے بڑھنے نہیں دیا۔گوجرانوالہ میں میٹرو بس کا روٹ خود جاکر چیک کیا۔مریم نوازشریف نے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم اورنج لائن، میٹرو بس سروس نوازشریف کے دور میں شروع ہوئے۔ 12ماہ کی قلیل مدت میں اپنی چھت، اپنا گھر سکیم سے 30ہزار گھر بن چکے ہیں۔ماضی کی کسی بھی حکومت نے کسی بھی حکومت نے کبھی اتنے گھر نہیں بنائے۔ ایک سال کے اندر30 ہزار گھر بن چکے اور رواں سال میں ایک لاکھ گھر وں کا ٹارگٹ پورا کریں گے۔ پنجاب میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ طلبہ کو دینے جارہے ہیں۔ 50ہزار بچوں کوایجوکیشن کیلئے تین سال کے لئے حکومت پنجاب ادا کرے گی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سمبڑیال، وزیرآباد،گوجرانوالہ اور گگھڑ منڈی گئی تو دیکھا کہ سڑکوں کا جال بچھ رہا ہے۔ پورے پنجاب میں 100کلومیٹر تک سڑکیں بن رہی ہیں۔پورے پنجاب میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جارہا ہے۔ لاہور کے اندر الیکٹرک بسیں چل رہی اور جلد پورے پنجاب میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔میٹرو بس سسٹم کے علاوہ آرٹی بس سسٹم پنجاب کے شہروں میں لیکر آرہے ہیں جس میں تین سو مسافر سفر کرسکیں گے۔ گوجرانوالہ میں اس سال میٹرو بس سسٹم شروع ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اگر خدمت کی جائے تو اس کا رزلٹ بھی نظر آتا ہے۔ اگر محنت اور نیت کے ساتھ کام کیا جائے تو لوگوں کی زندگیوں میں بہتری اور ترقی آتی ہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف نے خدمت کی مثالیں قائم کیں ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ جھوٹ پھیلایا جارہا ہے کہ کسانوں کا نقصان ہوگیا ہے۔ 12سے کم ایکڑ رقبے کے مالک کوپانچ ہزار روپے فی ایکڑ دینے جارہا ہے۔ گندم کی قیمت4ہزار مقرر کرنے سے 15کروڑ عوام کے لئے روٹی اور آٹا مہنگا ہوجائے گا۔ پنجاب حکومت وہاں خود چل کر اپنے شہری کی چوکھٹ پر جارہی ہے۔ مریم نوازشریف پورے دل و جان سے پنجاب کے عوام کے لئے خدمت اور خوشحالی کے لئے جنگ لڑ رہی ہے۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو