مذاکرات سے پہلے بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے،اسد قیصر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ مذاکرات سے پہلے بانی پی ٹی آئی سمیت پارٹی کے تمام قیدی رہا کیے جائیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ زور زبردستی کے باوجود 24 نومبر کو پُرامن احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل مذاکرات سے ہی نکلتے ہیں، مگر پہلے بانی پی ٹی آئی سمیت پی ٹی آئی کے تمام قیدی رہا کیے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اس وقت ملک انارکی کی طرف جارہا ہے، ادارے مفلوج ہو رہے ہیں، ملک تب آگے بڑھے گا جب آئین اور قانون کی حکمرانی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے واضح مطالبات ہیں کہ بانی پی ٹی آئی اور پارٹی سے تعلق رکھنے والے دیگر قیدیوں کو رہا کیا جائے اور پارٹی کا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی مرضی ہے مذاکرات کرتی ہے یا نہیں، ہم تو 24 نومبر کےلیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے مطالبات پر بات کرنا چاہتی ہے تو بسم اللّٰہ، ہم تو احتجاج کےلیے تیار ہیں، جے یو آئی (ف) کے اپنے اہداف ہیں، ان سے روابط ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ برقرار رہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوام نے ان کو مینڈیٹ نہیں دیا، کیا ان کو عہدے پر بیٹھ کر شرم آرہی ہے؟ کیا ان کو احساس ہے کہ عوام نے مسترد کیا اور یہ منصب پر بیٹھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور ورکرز کے ساتھ کیا کیا ظلم نہیں ہو رہا، ملک تب آگے بڑھے گا جب آئین اور قانون کی حکمرانی ہوگی۔