
ماضی میں ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا، نواز شریف
لاہور، صدر مسلم لیگ ن و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوشحال بنانا ہے۔
صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے ماضی میں ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا، سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا ، بد تہذیبی، بدتمیزی، بغض اور انتقام کوسیاست بنادیا گیا، معیشت اور اقدار تباہ کیں ، جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی محنت سے معاشی استحکام واپس آیا ہے، پالیسیوں کے تسلسل سے معاشی ترقی یقینی ہوگی، کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی "تبدیلی”کی سوغاتیں تھیں، ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔
صدر مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوش حال بنانا ہے، جو وعدے کئے تھے اللہ تعالی کے فضل وکرم سے وہ آج عوام کو پورے ہوتے نظر آرہے ہیں۔