لکی مروت،پاک فوج کی گاڑی پر حملہ، کیپٹن سمیت 7 فوجی شہید، آئی ایس پی آر
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پاک فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کیپٹن سمیت 7 فوجی شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے میں کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں سپاہی اسد اللّٰہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کےلیے پُر عزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔