لوک ورثہ میں کشمیرلبریشن سیل میڈیا ونگ کےسٹال کاافتتاح
کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے ۔ڈپٹی سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی
ڈپٹی سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری ریاض گجر نے لوک ورثہ اسلام آباد میں جموں وکشمیر لبریشن سیل میڈیا ونگ کے سٹال اور دستخطی مہم کیمپ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں انہو ں نے کہا کہ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر 1990ء سے اس وقت تک تسلسل سے منایا جارہا ہے اور اس موقع پر ہر سال پاکستانی عوام اپنا یہ عہد دہراتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کی جدو جہد آزادی اور حق خودارادیت کی تحریک میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
انہوں نے کہا یہ دن اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کشمیریوں کا پاکستان سے تعلق قیام پاکستان سے پہلے ہی تھا اور ریاست جموں وکشمیر کے عوام کا قیام پاکستان سے پہلے بھی ان علاقوں جو پاکستان میں شامل ہوئے ہیں صدیوں سے ان سے تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 77 سالوں سے اپنی آزادی کے حصول کے لیے جدو جہد کررہے ہیں جس میں پاکستان کی حکومت، پاک فوج اور عوام کشمیریوں کی پشت پر ہیں۔کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے اور وہ یہ منزل حاصل کر کے رہیں گے۔