
فیملی کے اغوا کیخلاف کوہسار یونائیٹد فرنٹ کا احتجاج کا اعلان
فیملی کے اغوا کیخلاف کوہسار یونائیٹد فرنٹ کا احتجاج کا اعلان
کوہسار یونائیٹڈ فرنٹ نے 29 اگست کی شب راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کی حدود سے معصوم بچوں سمیت فیملی کے مبنہ اغوا پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور مشاورت کے بعد چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرنے پر پولیس کے خلاف منگل کوپرامن احتجاج کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ مری کی یونین کونسل پھگواڑی سے تعلق رکھنے والے حاجی اشتیاق عباسی کے خاندان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے نے پوٹھہار سمیت خطہ کوہسار کے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے جس میں مبینہ لین دین کے تنازعے میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پاماہل کرتے ہوئے پولیس سرپرستی میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا جن کا پانچ روز گزرنے کے باوجود کوئی سراغ نہیں ملا جبکہ ورثا کا کہنا ہے کہ فون پر رابطہ کر کے کہا گیا ہے کہ دو کروڑ 58 لاکھ روپے ادا کر کے فیملی چھڑا لیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ صادق آباد کی حدود سے لین دین کے مبینہ تنازعےمری کے خاندان کے بچوں سمیت اغوا کےمعاملے پر کوہسار یونائیٹد فرنٹ سمیت سفیان عباسی کی قیادت میں مری اور خطہ کوسار کی معتبر شخصیات،جماعتیں اور تنظیمیں متحرک ہو گئی ہیں، پیر کی شام اس سلسلے میں ایمبیسیڈر ہوٹل اسلام آباد میں ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر میڈیا کے نمائندے بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
پرامن احتجاج ہو گا ۔سفیان عباسی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سفیان عباسی اور دیگر مقررین نے کہا کہ تھانہ صادق آباد پولیس کی ملی بھگت سے بچوں سمیت پورے خاندان کو اغوا ء کیا گیا۔ایک شہید کے بیوہ کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی کی گئی ایسی مثال کسی مہذب معاشرے میں نہیں ملتی ۔سفیان عباسی نے کہاکہ ہم نے عدالت میں رٹ بھی دائر کرا دی ہے۔ ہم پرامن احتجاج کریں گے ۔ سفیان عباسی کی ذیر صدارت کوہسار یونائٹڈ فرنٹ کے تحت مشاورتی اجلاس کے بعد اعلان کیا گیا کہ تھانہ صادق آباد کی حدود سے اغوا کی جانے والی مری کی فیملی کی بازیابی کے لیے چھ ستمبر کو شام ساڑھے چار بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں متاثرہ خاندان سمیت مری ، راولپنڈی اور گرد و نوا ح کے لوگ شرکت کریں گے ۔
متاثرہ خاندان نے لاہور ہائی کورٹ سےرجوع کر لیا،آج سماعت ہو گی
مشاورتی اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامئے میں مطالبہ کیا گیا کہ 24 گھنٹے کے اندر مغوی خاندان کو بازیاب کرایا جائے ۔جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی اور اغوا کاروں کی سہولت کاری پر ایس ایچ او صادق آباد کو فوری طور پر برطرف کیا جائے ۔وفاقی حکومت ،پنجاب حکومت اورآئی جی مغوی خاندان کی خواتین اور بچوں کو بازیاب کرا کر اس جرم میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں ۔
ادھر راولپنڈی میں فیملی کے مبینہ اغواء کے حوالے سے متاثرہ خاندان نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ سے رجوع کر لیا ہے۔ آج لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس صداقت علی رٹ پٹیشن کی سماعت کریں گئے، رٹ مبنیہ مغوی کے چچا اعجاز نے اسد عباسی ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی ہے جس میں عدالت سے فوری ریلیف اور ایکشن کی استدعا کی گئی ہے۔
ملزمان با اثر ہیں۔شہید کی بیوہ ہوں، آرمی چیف انصاف دلائیں
قبل ازیں کوہسار یونائٹڈ فرنٹ کے سربراہ سفیان عباسی اور مری کی دیگر سرکردہ شخصیات کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہریار وقار کی والدہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک شہید آرمی افسر کی بیوہ ہیں اور ان کے بیٹے کو فیملی سمیت ان لوگوں نے پولیس کی ملی بھگت سے اغوا کیا ہے جن کیخلاف میں نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے، جو بھی عدالتی فیصلہ ہو گا ہم قبول کریں گے مگر یہ اڑھائی کروڑ روپے کا کاروباری معاملہ ہے اور اس حوالے سے قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کیا جا رہا ۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں سے میرے بیٹے کا لین دین کا تنازع ہے وہ بہت با اثر ہیں اور پولیس بھی ان کی سرپرستی کر رہے ہے۔ اس حوالے سے میں پہلے بھی چیف آف آرمی سٹاف سے اپیل کر چکی ہوں اور دوبارہ ایپل کرتی ہوں کہ ایک شہید کی بیوہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ میرا واحد سہارا میرا بیٹا ہے جس نے نہ تو کوئی جرم کیا ہے اور نہ فراڈ۔۔ مجھے اعلٰی حکام سے انصاف چاہئے۔
فیملی کے اغوا کیخلاف کوہسار یونائیٹد فرنٹ کا احتجاج کا اعلان
لواحقین میں مُفتی صہیب عباسی، عِفّت عباسی زوجہ کیپٹن وقار عباسی شھیدکا کہناتھا کہ ہمارا خاندان ظالموں کی تحویل میں ہے ۔ ظالموں نے دو بچوں سمیت خواتین اور میرے بیٹے کو اغوا ء کر رکھا ہے۔ صادق آباد راولپنڈی پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او نے چادر اور چار دیواری کا خیال نہیں رکھا، ایس ایچ اونے کہا کہ ہم پر بہت پریشر ہے۔ متاثرہ خاندان کے ورثا میں حافظ صہیب عباسی ، غلام احمد عباسی ،طفیل عباسی ،ظائر عباسی ، حق نواز عباسی اور دیگر شامل تھے۔
عام آدمی لیگ کے رہنما نعمان عباسی کے خطاب نے سب کو جذباتی کر دیا
اسلام آباد میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے مری ڈویلپمنٹ اور عام آدمی لیگ کے رہنما نعمان عباسی نے بہت پرجوش خطاب کیا جس نے تمام شرکا کو جذباتی کر دیا۔ نعمان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ خطہ کوہسار کی غیرت اور حمیت کا سوال ہے، ہماری بہنوں پر ہاتھ اٹھایا گیا ہے، معصوم بچوں کو اغوا کیا گیا ہے جس کی کسی طور اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اپنی خواتین کی بالیاں بھی بیچنی پڑیں اور چندہ بھی کرنا پڑا تو ہم سب سے پہلے واجب الادا رقم کے دعویداروں کے منہ پر ڈھائی کروڑ کی رقم ماریں گے اور اس کے بعد ان سے زیادتی کاحساب لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ مری سے کوہالہ تک پورے کوہسار کی عزت کا سوال ہے۔
نعمان عباسی نے کہا کہ اگر اغواکار اپنا تعلق کسی طاقتور ادارے یا شخصیت سے جوڑ رہے ہیں جو یقینا” بے بنیاد دعوٰی ہو گا مگر اس کی وضاحت آنا ضروری ہے۔
ایس پی راول درخواست پر انکوائری سے گریزاں
ذرائع کا کہنا ہے کہ 29 اگست کو پیش آنے والے مبینہ اغوا کے واقعے پر سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کو دی جانے والی درخواست ایس پی راول کو انکوائری کے لیے مارک کی گئی لیکن چار دن گزرنے کے باوجود درخواست پر کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس حوالے سے ایس پی راول فیصل سلیم کا موقف جاننے کے لے کئی بار رابطہ کیا گیا لیکن وہ موقف دینے سے گریزاں رہے تاہم ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔