فلسطینی قیدیوں نے اسرائیلی جھنڈا اتار دیا،اسرائیلی حکام کے جیل پر دھاوا
سات اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت اور خوفناک بمباری مسلسل جاری ہے۔ اسرائیل نے کئی فلسطینی علاقوں میں گرفتاری کی مہم بھی چلا رکھی ہے۔ ان گرفتاریوں کا معاملہ قید کی سزا تک پہنچ گیا ہے۔ اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے اعلان کیا کہ اسرائیلی جیل سروس نے اتوار کی صبح مجیدو جیل میں اس وقت فلسطینیوں کے سیلوں پر چھاپہ مارا جب ان میں سے متعدد فلسطینیوں نے جیل سے اسرائیلی پرچم اتار دیا۔ قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیل سروس نے فلسطینی قیدیوں کے خلاف اپنی جارحانہ مہم کو آگے بڑھانے کے لیے یہودی مجرم قیدیوں کی مدد بھی حاصل کی۔ اسرائیلی مہم کے بارے میں مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں تاہم براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے تصدیق کی ہے کہ یہ جھنڈا نیچے کرنے کی وجہ سے کیا گیا تھا۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران اسرائیل نے مغربی کنارے میں گرفتاری کی ایک نئی مہم شروع کر دی ہے۔ اس مہم میں درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 7 اکتوبر سے اب تک حراست میں لیے گئے قیدیوں کی مجموعی تعداد 1830 سے زیادہ ہوگئی ہے۔
گرفتاریوں کی اس مہم میں مشرقی القدس اور اس کے اطراف کے قصبوں کو زیادہ نشانہ بنایا گیا۔ مغربی کنارے کے اضلاع الخلیل، قلقیلیہ، طولکرم، جنین، نابلس اور رام اللہ کے شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔