
عمران خان کا جیل بھرو تحریک کا اعلان۔ آپ ڈوب مرو تحریک شروع کریں۔ حکومت
لگتا ہے عمران خان کو کسی نے جیل بھرو تحریک کا غلط مطلب بتا دیا ہے۔عطا تارڑ
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کے کارکن کال کے لئے تیار رہیں جبکہ دوسری طرف حکومتی ترجمان اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل بھرو نہیں بلکہ "ڈوب مرو تحریک” شروع کرنی چاہئے۔
ہفتے کی شام میڈیا پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے اعلان کیا جس طرح حکومت ہمارے لوگوں کو گرفتار کر رہی ہے اور مسلسل مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس پر ہمارے پاس دو ہی راستے ہیں یا تو ہم ملک بھر میں ہڑتال اور احتجاج کریں لیکن اس کا ملک معاشی طور پر اس وقت متحمل نہیں ہو سکتا۔ دوسرا راستہ یہ ہے کہ ہم جیل بھرو تحریک شروع کر دیتے ہیں تاکہ حکومت کاجیلیں بھرنے کا شوق پورا ہو جائے۔ عمران خان نے کہا کہ کارکن تیار رہیں ،میں قوم کو کال دوں گا اور سب گرفتاریاں دیں گے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ جیلوں میں کتنی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ تحریک انصاف کے گرفتاررہنماؤں کو ہمارا نظام انصاف بنیادی حقوق کی فراہمی میں ناکام رہا ہے۔
دوسری طرف تو حکومتی ترجمان اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل بھرو تحریک کے بجائے "ڈوب مرو تحریک” شروع کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ عمران خان کے دور میں اپوزیشن کے ساتھ کیا جاتا رہا اور جس طرح نواز شریف مریم نواز ۔رانا ثناء اللہ ۔شاہد خاقان عباسی۔ حمزہ شہباز اور دیگر لیگی رہنماوں کو جیلوں میں رکھا گیا وہ سب تاریخ کا حصہ ہے جس پر عمران خان کو شرمندہ ہونا چاہیے۔
ادھر وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطااللہ تارڑ نے عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے عمران خان کو کسی نے جیل بھرو تحریک کا غلط مطلب بتا دیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بھی تحریک چلنے سے پہلے تمام زیرسماعت ذیل التوا مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں واپس لی جاتی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا خان صاحب فارن فنڈنگ کیس ،سائفر کیس اور توشہ خانہ کیس میں ضمانت کے لئے دائر کی گئی درخواست میں واپس لے لیں گے ؟انہوں نے سوال کیا کہ کیا تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی جیل جائیں گے ؟