عزم و سعی کا استعارہ ۔۔۔ پروفیسر ڈاکٹر ذاکر عباسی

آپ نے جرمنی سے کیمسٹری جیسے مشکل مضمون میں ڈاکٹریٹ کیا

پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین عباسی کا تعلق ملکوٹ، سرکل بکوٹ، تحصیل و ضلع ایبٹ آباد سے ہے۔

آپ نے ابتدائی تعلیم راولپنڈی کے مختلف گورنمنٹ سکولوں، کالجوں سے حاصل کی۔ پھر گومل یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ ایم فل قائد اعظم یونیورسٹی سے کرنے کے بعد سکالرشپ پر جرمنی سے پی ایچ ڈی کیمسٹری جیسے مشکل مضمون میں کی۔ یوں وہ سائنس کے کسی مضمون میں ڈاکٹریٹ کرنے والے ملکوٹ کے پہلے سپوت ٹھہرے جب کہ یوسی پلک کے بارے میں اس حوالے سے مجھے علم نہیں ہے ۔

پی ایچ ڈی کرنے کے بعد ڈاکٹر ذاکر عباسی نے کچھ برس جرمنی میں سونی جیسی عالمی معیار کی کمپنی میں سینئیر سائنس دان کے طور پر ملازمت کی۔ لیکن پھر ملک و قوم کی خدمت کے جذبے نے مال و اسباب بنانے کی خواہش کو شکست دے دی اور ڈاکٹر ذاکر عباسی لوٹ کر پاکستان آ گئے۔

گزشتہ نو سال سے ڈاکٹر ذاکر عباسی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پروفیسر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔ الحمد للّٰہ قوم کا یہ سپوت وہ تمام علوم، ہنر اور اخلاق جو اس نے ایک طویل علمی سفر میں حاصل کیے وہ پوری دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ نوجوان نسل کو منتقل کر رہا ہے۔

ہمارے لیے بہت فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ آج کل ڈاکٹر ذاکر عباسی نسٹ میں سکول آف کیمیکل اینڈ میٹیریلز انجینئرنگ کے سربراہ شعبہ (ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ) ہیں۔ کوہسار کے تعلیمی اداروں کو چائیے کہ مری آرٹس کونسل، کوہسار یونیورسٹی اور دیگر مرکزی مقامات پر ڈاکٹر ذاکر عباسی کی لیکچر سیریز کا اہتمام کریں۔ ان لیکچرز میں وہ نظام تعلیم کی خامیوں، کیرئیر کونسلنگ، جدید طریقہ ہائے تدریس اور عہد حاضر کے تقاضوں پر اہل کوہسار کو رہنمائی فراہم کریں۔ اس طرح نوجوان نسل کو یہ موقع بھی میسر آئے گا کہ ڈاکٹر ذاکر عباسی سے اعلی تعلیم کے حوالے سے اپنی امنگوں، الجھنوں اور مشکلات کے بارے میں براہ راست گفت و شنید کر کے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کریں ۔
کوہسار کے مختلف تعلیمی اداروں میں اچھی کارکردگی کے حامل طلبا کو بھی ڈاکٹر ذاکر عباسی کے توسط سے نسٹ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا جائے تا کہ انھیں جدید تعلیمی اداروں میں موجود سہولتوں کا جائزہ لینے، اساتذہ سے مختلف شعبہ ہائے تعلیم کے بارے میں وقیع معلومات حاصل کرنے اور اپنے لیے موزوں ترین شعبے کا انتخاب کرنے کا موقع ملے۔ نیز ان میں تعلیمی ترقی کا جذبہ بھی فروغ حاصل کرے۔

FB IMG 1669875413730

ایک تبصرہ چھوڑ دو