عالمی سطح پر آئی ٹی کی بندش سے مائیکروسافٹ مشینیں متاثر ہوئیں
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے کہاہے کہ عالمی سطح پر آئی ٹی کی بندش سے مائیکروسافٹ مشینوں کیساتھ ساتھ مائیکرو سافٹ کے صارفین بھی متاثرہوئے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سائبر سکیورٹی فراہم کنندہ کراؤ ڈ سٹرائیک میں ایک خرابی کے باعث عالمی سطح پر آئی ٹی کی بندش دیکھنے میں آئی،جس کی وجہ سے دنیا بھر میں ونڈوز کی ہزاروں مشینیں متاثر ہوئیں۔اس بندش سے پاکستان میں مائیکرو سافٹ کے صارفین بھی متاثر ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خرابی کے باعث متاثرہ پی سی اور سرورز سٹارٹ اپ کے بچاؤ کے لئے ریکوری بوٹ لوپ میں چلے گئے ، جس کے باعث کچھ انٹرنیٹ خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ کراؤڈ سٹرائیک کی ویب سائٹ کے مطابق خرابی کی نشاندہی کے بعد اسے درست کر دیا گیا ہے۔ صارفین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے سپورٹ پورٹل سے سافٹ ویئر کو ری سٹور کرتے ہوئے اپ ڈیٹ کر لیں ۔