طورخم بارڈر پرایف سی اور ایف آئی اے اہلکاروں میں جھگڑا ،6 زخمی
امیگریشن کمپلیکس میدان جنگ بنا رہا۔جنوبی وزیرستان کے سات تھانوں میں پولیس کی ہڑتال ختم
ایف سی اور ایف آئی اے اہلکاروں کے درمیان تصادم اور ہاتھا پائی کے باعث طورخم امیگریشن کمپلیکس میدان جنگ بنا رہا،عینی شاہدین کے مطابق لڑائی جھگڑے کے دوران ایف آئی اے کے چھ اہلکار زخمی ہوئے جنہیں لنڈی کوتل ہسپتال منتقل کر دیاگیا، طورخم بارڈر کئی گھنٹے تک پیدل آمد و رفت کے لئے بند رہا، دونوں اداروں کے حکام نے واقعے کا نوٹس لیا اور صورت حال کنٹرول کر لی گئی،
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ رش کنٹرول کرنے پر ہوا جو معمولی نوعیت کا مسئلہ تھا تاہم دونوں طرف کے اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، ایف آئی اے کے اہلکاروں نے الزام لگایا کہ ایف سی اہلکار غیر قانونی طریقے سے افغان شہری کو چھوڑنے کا کہہ رہا تھا، انکار پر دیگر ساتھی اہلکاروں کو بلا کر ہماری پٹائی کر دی۔
ایف آئی اے اہلکاروں کی پٹائی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں،عینی شاہدین کے مطابق اتوار کی صبح طورخم امیگریشن کمپلیکس کے اندر لاٹھیوں سے مسلح ایف سی کے درجنوں اہلکاروں نے ایف آئی اے کے اہلکاروں پر دھاوا بول دیا اور ہاتھا پائی کے باعث ایف آئی اے کے چھ اہلکار شدید زخمی ہو گئے، جن میں سے تین زخمیوں کو لنڈی کوتل ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچا دیا گیا جبکہ تین اہلکار مبینہ طور پر ایف سی کی تحویل میں رہے۔
ہاتھاپائی اور پٹائی کے دوران مسافر خواتین اور بچے بھی چیخ و پکار کرتے رہے۔ اس دوران طورخم بارڈر پیدل آمدورفت کے لئے کچھ دیر بند رہا جس کی وجہ سے روزہ دار مسافر بارڈر کے دونوں طرف انتظار کرتے رہے۔ ایف سی حکام کا مؤقف تھا کہ دو اداروں کے اہلکاروں کے مابین معمولی نوعیت کا واقعہ تھا، تکرار سے بات آگے بڑھ کر ہاتھاپائی تک پہنچ گئی جس میں دونوں طرف کے اہلکاروں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں لگیں۔ ایف سی حکام کے مطابق صورت حال پر جلد قابو پالیا گیا، واقعے کا نوٹس لیا گیا اور تھوڑی دیر بعد بارڈر کے آر پار پیدل لوگوں کی آمدورفت بحال ہو گئی۔
دوسری طرف جنوبی وزیرستان کے 7 تھانوں نے فرنٹیر کور (ایف سی) کے ہاتھوں پکڑی 2 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں واپس ملنے پر ہڑتال ختم کردی۔ایف سی نے 2 روز قبل یہ گاڑیاں پکڑ کر کسٹم کے حوالے کی تھیں۔نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے تنازع پر 7 پولیس تھانیدار ڈی پی او سے ملاقات کریں گے۔ڈی پی او فرمان اللّٰہ کے مطابق ایف سی سے مل کر پولیس کے خدشات دور کرائے جائیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی وزیرستان کے تقریباً 1200 پولیس اہلکاروں نے ہڑتال کی۔اس دوران نہ تو کسی مقدمے کا اندراج کیا گیا، نہ ہی روزنامچے میں کوئی انٹری کی گئی۔
Clash between FC and FIA officials, 6 injured,طورخم بارڈر پرایف سی اور ایف آئی اے اہلکاروں میں جھگڑا ،6 زخمی