شرحِ سود میں کمی ہوسکتی ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے شرحِ سود میں کمی کا امکان ظاہر کردیا۔
چین میں پاک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں واضح کمی آئی ہے، پاکستان کے تمام معاشی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ توقع ہے کہ مہنگائی کی مناسبت سے شرحِ سود میں کمی آئے گی، اس میں ریلیف ملے گا، حکومت کی ساری توجہ معاشی اور اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر مرکوز ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی پاک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی، زراعت اور معدنی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت کاروباری شعبے اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان میں 84 اداروں کی نج کاری پر غور کیا جا رہا ہے۔