kohsar adart

شاہد خاقان عباسی نے سیاسی جانشین میدان میں اتار دیا؟

چھوٹے فرزند نادر شاہد کو عوامی رابطے تیز کرنے کا اشارہ، ٹی وی شو میں تعارف کرا دیا

کیا سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے چھوٹے فرزند نادر شاہد عباسی کو سیاسی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا ہے ؟ اس حوالے سے چہ میگوئیاں جاری ہیں اور بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ نادر شاہد کو عوامی رابطے تیز کرنے کی ہدایت مل گئی ہے کیونکہ شاہد خاقان عباسی نے انہیں عملی طور پر اپنا سیاسی جانشین مقرر کر دیا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ دو روز پہلے شاہد خاقان عباسی ایک ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں اپنے صاحبزادے نادر شاہد کے ساتھ شریک ہوئے جس میں انہوں نے نہ صرف اپنے بیٹے کا مکمل تعارف کرایا بلکہ یہ بھی بتایا کہ ان کے دیگر دو صاحبزادے سیاسی معاملات میں دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ وہ کاروبار میں مصروف ہیں تاہم نادر سیاست میں آنا چاہتے ہیں جنہوں نے اپنی تعلیم امریکا سے مکمل کی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے ازراہ تفنن یہ بھی کہا کہ نادر موروثی سیاست پر بھرپور یقین رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت وہ ملازمت کر رہے ہیں۔ میں نے نادر سے کہا ہے کہ پہلے اپنے لئے وسائل پیدا کرو ،اس کے بعد سیاست میں حصہ لو۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں تعلیم کے دوران نادر طلباء سیاست میں حصہ لیتے رہے ہیں اور خاصی مقبول بھی تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نادر شاہد نے کہا کہ اگر انہیں حلقے کی عوام نے قبول کیا تو وہ ضرور سیاست میں حصہ لیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے والد کی سادگی بہت پسند ہے۔وہ گھر میں اونچی آواز میں بات کرتے ہیں نہ کوئی سختی کرتے ہیں تاہم انہوں نے ہمیں فضول خرچی سے گریز سمیت کچھ اصول اپنانے کا درس دیا ہے۔
انہوں نے اپنے والد کے وزیراعظم بننے کے حوالے سے دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ابو کو جب پارٹی نے وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا تو انہوں نے ہم بھائیوں اور ہماری والدہ کو ای میل کے ذریعے اطلاع دی کہ میں وزیر اعظم بننے والا ہوں۔ میرے لئے قابل فخر اور مسرت کا موقع تھا۔ میں خصوصی طور پر امریکہ سے آ کر ان کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوا ۔

دوسری طرف شاہد خاقان عباسی کے آبائی حلقے مری سے تعلق رکھنے والے سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے چھوٹے بیٹے نادر کو سیاسی جانشین کے طور پر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور امکان ہے کہ وہ آئندہ الیکشن میں این اے 57 سے امیدوار بن کر سیاسی حلقوں کو سرپرائز دیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More