شانگلہ میں دھاندلی کیخلاف پُرتشدد مظاہرہ،
سوات: خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کیخلاف تحریک انصاف کے پُرتشدد کارکنان نے احتجاج کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے چار کارکنوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے تاہم سرکاری ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی.
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 11 کے انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنان نے سوات کے علاقے شانگلہ الپوری میں احتجاج کیا۔
مظاہرین کو پولیس نے منتشر کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا، اس دوران پُرتشدد مظاہرین نے سرکاری گاڑی کو نذر آتش بھی کردیا۔
پولیس کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنان کی جھڑپیں اور ہوائی فائرنگ بھی ہوئی، جس میں متعدد طور پر درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے واقعے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے چار کارکنوں کو پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کردیا تاہم ویڈیو میں ایک شخص کو زخمی حالات میں دکھایا گیا ہے.واضح رہے کہ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 11 پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار امیر مقام 59 ہزار 863 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار سید فرین 54 ہزار 311 ووٹ لے کر دوسرے نمبر رہے۔