سونااور میتھ آئس بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
ساڑھے نو کلو سونا کراچی ایئرپورٹ سے جنوبی افریقہ اسمگل کیا جا رہا تھا،آئس افغانستان سے لائی گئی
کسٹم حکام نے ساڑھے 9 کلو سونا اور 224 کلومیتھ آئس بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی،دبئی کے راستے جنوبی افریقہ جانیوالی فیملی سے ساڑھے 9 کلو سونا برآمدکرلیا گیا ہے۔ کم و بیش 17 کروڑ مالیت کاسونا مختلف زیورات اورسونے کے سکوں پرمشتمل ہے، حراست میں لئے گئے افراد میں جنوبی افریقن پاسپورٹس کی حامل 6 رکنی فیملی میں 5 خواتین، ایک مرد مسافر شامل ہے۔
دوسری جانب اے این ایف نے ملکی تاریخ کی بیرون ملک اسمگل کی جانے والی میتھ آئس کی سب سے بڑی کھیپ پکڑلی۔ ترجمان اے این ایف نے کہا 224 کلو آئس، افغانستان سے سوپ اسٹونز کی ایکسپورٹ کی آڑ میں، بلجیم اسمگل کی جا رہی تھی، منشیات براستہ طورخم، افغانستان سے اپنی منتقلی منزل بلجیم اسمگل کرنے کے لئے پہلے کراچی اسمگل کی گئی۔
ترجمان کے مطابق میتھ ایمفیٹامائن 5 کنٹینرز کی چھت اور دروازوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ اے این ایف نے کراچی پورٹ پر اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے تمام کنٹینرز کو تحویل میں لے لیا، کنٹینر بھجوانے والے 3 ملزمان جن میں سے 2 کا تعلق افغانستان سے ہے، کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان طورخم بارڈر سے افغانستان فرار کی کوشش کررہے تھے۔