
سوشل میڈیا پر قرض کے جال نے معصوم بچوں سے باپ چھین لیا
راولپنڈی کے مسعود نے گھر کے کرائے اور بچے کی فیس کیلئے 13 ہزار قرض لیا جو لاکھوں تک پہنچ گیا
سوشل میڈیا پر بلا سود قرض کے جال نے معصوم بچوں سے ان کا باپ چھین لیا،راولپنڈی کے مسعود نے گھر کے کرائے اور بچے کی فیس کیلئے 13 ہزار قرض لیا جو لاکھوں تک پہنچ گیااور تقاضا کرنے والوں کے رویئے سے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کی قید سے آزاد ہو گیا۔
بعض ذرائع کے مطابق مسعود نے سوشل میڈیا پر بھی قرض دینے والی ایپ سے 13 ہزار روپے قرض لیا اور کمپنی کی جانب سے دھمکانے کے باعث دل برداشتہ تھا جبکہ بعض افراد سے نجی طور پر بھی سود پر قرض لے رکھا تھا۔ مرحوم کے قریبی ذرائع کے مطابق محمد مسعود نے سوشل میڈیا ایپ سے بچوں کی فیس اور مکان کا کرایہ ادا کرنے کے لیے 13 ہزار روپے قرض لیا تھا اور سود سمیت ادا نہ کرسکنے پر دوسری ایپ سے دوبارہ ادھار لیا جو چند ہفتوں میں سود کے اضافے سے 7 لاکھ ہوگیا، ان کی جانب سے واپسی کے لیے دھمکیاں دینے پر بھی دلبرداشتہ تھا ۔
تھانہ ریس کورس راولپنڈی کے علاقے علامہ اقبال کالونی کے رہائشی محمد مسعود نےقبل ازیں واٹس ایپ پر ایک وائس نوٹ بھی ریکارڈ کرکے اپنے اہل خانہ کو بھجوایا جس میں اس نے کہا کہ میں نے کئی افراد سے سود پر قرض لے رکھا تھا اور وہ مجھ سے تقاضا کر رہے تھے لیکن مجھے کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا اس لئے گھر والوں سے آبائی مکان بیچنے کا کہا تھا لیکن گھر والے نہیں مانے۔
مسعود نے اپنے آڈیو پیغام میں کہا کہ نہ میں اچھا باپ بن سکا اور نہ ہی اچھا بیٹا بن سکا، مجھ سے کوئی خوش نہیں ۔ اس لئے میں خود کشی کر رہا ہوں ۔
متوفی مسعود کی اہلیہ نے کیا بتایا؟
خودکشی کرنے والے مسعود کی اہلیہ کے مطابق اس کے شوہر کی چھ ماہ قبل نوکری چلی گئی، بچوں کی فیس اور گھر کا کرایا ادا کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر ایک نجی لون ایپ سے 13 ہزار روپے قرض لیا، جو تھوڑے دن بعد سود لگنے کے بعد ایک لاکھ روپے تک پہنچ گیا،
مسعود نے قرض اتارنے کے لیے دوسری ایپ سے مزید قرض لیا جو چند ہفتوں بعد سود لگنے سے سات لاکھ روپے تک پہنچ گیا، قرض ادائیگی کی تاخیر پر ایپ والے روزانہ کال کرکے دھمکاتے اور پولیس کاروائی سے ڈراتے تھے جس سے تنگ آکر شوہر نے خودکشی کرلی ۔