سوات،پولیس موبائل پر دھماکا،1اہلکار جاں بحق،4 زخمی
سوات میں مالم جبہ روڈ پر جہان آباد کے مقام پر پولیس وین پر بم دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور سب انسپکٹر سمیت چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ پولیس وین غیر ملکی سفارت کاروں کے قافلے کے آگے جارہی تھی کہ بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات،ڈاکٹر زاہداللہ نے بتایا کہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا ۔جب غیر ملکی سفارت کار اور اتاشی مینگورہ سے مالم جبہ سیروتفریح کے لئے جارہے تھے۔ سفارت کاروں میں انڈونیشیا، پرتگال، قازقستان، بوسنیا اینڈ ہیرزگوینیا، زمبابوے، رونڈا، ترکمانستان، ویتنام، ایران، رشیا، تاجکستان کے سفرا اوراتاشی شامل تھے ۔ سفارت کاروں کے ساتھ اسلام آباد کامرس آف کامرس کا وفد بھی ہمراہ تھا ۔ دہشت گردوں نے قافلے کے آگے جانے والی پولیس وین کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا ۔ جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار برہان خان شہید ہوگیا ہے جبکہ سب انسپکٹر سرزمین خان ،ڈرائیور رحمت علی ،سپاہی حسین گل اور سپاہی امان اللہ زخمی ہوئے ہیں ۔شہید کی میت اور زخمی اہلکاروں کو سول اسپتال منگلور اوربعدازاں سیدوٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ دھماکے میں غیر ملکی سفارت کار محفوظ رہے اورانہیں بحفاظت واپس اسلام آباد روانہ کردیا گیا ۔ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں بم ڈسپوزل یونٹ نے تحقیقات شروع کردی ہیں ۔ سوات میں اس سے قبل پولیس چوکی سمبٹ اورپولیس چوکی بنڑ پر دھماکوں میں دو پولیس اہلکار شہیدہوگئے تھے جبکہ تھرمل گن فائرنگ سے ڈپوچیک پوسٹ پرتعینات دو اہلکارزخمی ہوئے تھے ۔