
سعودی عرب میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی
لاہور ائیرپورٹ پر ایک بیگ کا ٹیگ دوسرے بیگ پر لگا کر بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان گرفتار کرلیے گئے، سعودی عرب میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر خاندان کے 5 افراد واپس وطن پہنچ گئے، رہائی پانے والوں کے گھر محسن نقوی کی آمد ہوئی، متاثرہ خاندان کو رہائی اور وطن واپسی پر انہوں نے مبارک باد بھی دی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سعودی حکام نے بےگناہ خاندان کو منشیات کیس سے کلیئر کردیا، عوام مفت میں عمرہ کروانے والوں سے ہوشیار رہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو منشیات کیس میں پھنسا دیا گیا تھا، اے این ایف نے زبردست کام کیا ورنہ یہ لوگ ساری زندگی واپس نہیں آسکتے تھے۔
انکا کہنا تھا کہ اس گینگ میں 9 لوگ شامل تھے جس میں ایئرپورٹ عملے کے لوگ بھی ملوث ہیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ اے این ایف اسمگلنگ کے خلاف بہترین کام کر رہا ہے، منشیات فروشوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، منشیات میں ملوث کوئی بھی نام ہو ہم سے نہیں بچے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سعودی حکام کے تعاون کے مشکور ہیں، اے این ایف نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے پھیلاؤ کے خلاف کام شروع کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا کہنا ہے کہ حکومت اور اے این ایف نے ملکر متاثرہ شہری کو بڑی مشکل سے بچایا، 23 دسمبر کو ایک گروہ نے ایک خاندان کے بیگ کو اسمگلنگ کےلیے استعمال کیا، سعودی حکام سے رابطہ کرکے ہم نے اس خاندان کو مشکل سے بچایا۔
ڈی جی اے این ایف نے مزید کہا کہ 48 گھنٹے میں گینگ پکڑ کر سعودی حکومت کے ساتھ تفصیل شیئر کی۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ اس واقعہ سے ہمیں بہت اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور حکومت کی بروقت کارروائی سے ہمیں مصیبت سے نجات ملی۔