سانحہAPS نے ہمیں دہشتگردی کیخلاف متحد کردیا،بلاول
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے 16 دسمبر سانحہ اے پی ایس پر اپنے بیان میں کہا کہ قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی، آنے والی نسلوں کو محفوظ بنائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا اے پی ایس سانحہ ملکی تاریخ کے تاریک ترین ابواب میں سے ایک ہے۔ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس نے قوم کے ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھ دیا، اس سانحہ نے ہمیں دہشتگردی کے ناسور کے خلاف متحد کردیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے شہید طلبا اور اسٹاف ممبرز کے اہلخانہ کے حوصلے اور بہادری کو سراہا۔
انکا کہنا تھا کہ وفاقی اورصوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر موثرعملدرآمد یقینی بنائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتہا پسندی کے بنیادی اسباب کو تعلیم، معاشی مواقع اور سماجی ہم آہنگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ آئیے آج اِس افسوسناک دن پر اے پی ایس کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ تجدیدِ عہد کریں کہ ہم ایک ایسے پاکستان کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے جو دہشتگردی سے پاک ہو۔