
سائفر کیس میں عمران- شاہ محمود پرفرد جرم کی تیاری
سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کے دور کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں 12 دسمبر کو فرد جرم عائد کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے۔پیر کے روز اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی۔
اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر میڈیا کو بھی کوریج کے لیے جیل کے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ پی ٹی آئی وکلانے عالمی میڈیا کو کمرہ عدالت تک رسائی نہ ملنے کی شکایت کی ، جس پر عدالت نے وکلا کو ہدایت کی کہ ڈاکومنٹس دیکھ لیں سارےمکمل ہیں،پھر نقول تقسیم کی جائیں گی۔
وکیل صفائی نے کہا کہ کریمنل ایکٹ1952 کے تحت کارروائی کی جارہی ہے جبکہ 1958 میں ترمیم بھی ہوگئی تھی، ہمیں بتایا جائے کہ کس ایکٹ کے تحت چالان کی نقول تقسیم کی جائیں گی، ایکٹ کی وضاحت کے بغیر عدالت کارروائی جاری نہیں رکھ سکتی، پہلے وزارت قانون کی جانب سے واضح نوٹیفکیشن جاری ہوناچاہیے۔ جس پر پراسیکوٹر نے بتایا کہ وزارت قانون کانوٹی فی کیشن واضح ہے اور عدالت قانون کے مطابق کارروائی کررہی ہے۔ جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ مجھے قانون پر عملدرآمد کرانا ہےاور قانون پرچلناہے، قانون کے تحت میڈیا اور پبلک کو کمرہ عدالت تک رسائی دی گئی ، آج نقول فراہمی کیلئےسماعت مقرر تھی آپ بتائیں لینی ہیں یانہیں۔
i

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت کے سامنے بیان میں کہا کہ قمر باجوہ کو بطور گواہ بلاؤں گا، امریکی سفارت کار کو بھی بلاؤں گا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کیں ، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کے تاخیر سے آنے پر عدالت کا برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ گھنٹے سے میں انتظار کر رہا ہوں وکیل پہنچے نہیں ، ایڈوکیٹ عثمان گل نے جج سے مکالمے میں بتایا کہ دھند کے باعث عدالت تاخیر سے پہنچا۔ شاہ محمود قریشی نے عدالت سے استدعا کی آئندہ سماعت 9بجے شروع کریں ، جس پر جج نے کہا کہ آپ اپنے وکلاکو کہیں جلدی آئیں تو سماعت جلدی شروع ہو جائے گی۔
خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں سربراہ پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فردجرم کیلئے 12 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی۔
"مرجاؤں گا کوئی ڈیل نہیں کروں گا”

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہاہے کہ مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا جان دینے کو تیار ہوں ، مرجاؤں گا کوئی ڈیل نہیں کروں گا، قوم کو بتادیں ان کا کپتان ڈٹا ہوا ہے۔ عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاورمانیکا کے ذریعے بشریٰ بی بی پر جو جھوٹاالزام لگایا گیا یہ انتہائی اخلاق سے گری حرکت ہے، قرآن پر ہاتھ رکھنے کیلئے تیار ہوں بشریٰ بی بی کو اس دن دیکھا جس دن نکاح ہوا۔ سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں آج آپ کو واضح کر رہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی ،حالات دیکھ کر خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں۔
مجھ سےکسی نے مذاکرات نہیں کئے۔عمران خان
میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے بتایا کہ مجھ سےکسی نے مذاکرات نہیں کئے ، مجھے پلان کے تحت پکڑا گیا یہ بھی ایک پلان تھا ،لندن پلان نوازشریف کو لانے ،جیلوں میں ڈالنے ،پی ٹی آئی ختم کرنے کیلئے تھا، جیل میں کوئی پریشانی نہیں اسے عبادت سمجھتاہوں۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قمرباجوہ اور امریکی سفارت خانے کے نمائندوں کو گواہ بناؤں گا۔
Preparation of indictment against Imran-Shah Mehmood in cipher case،سائفر کیس میں عمران- شاہ محمود پرفرد جرم کی تیاری