سائبر کرائم کیس،اوریا مقبول جان کی درخواست ضمانت مسترد
سائبر کرائم کیس،اوریا مقبول جان کی درخواست ضمانت مسترد
لاہور کی سیشن عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم کے مقدمے میں گرفتار نامور تجزیہ کار اور کالم نگار اوریا مقبول جان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ سناتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔
سیشن کورٹ کے جج رفاقت علی قمر نے درخواست پر سماعت کی جبکہ دوران سماعت اوریا مقبول جان کی جانب سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے،میاں اشفاق ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایف آئی اے کا کیس محض مفروضے پر مبنی ہے، ایف آئی اے کے پاس نہ کوئی شواہد ہیں نہ ہی ریکارڈ پر کوئی ثبوت ہے، اوریا مقبول جان سے کوئی ریکوری بھی نہیں ہونی۔میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ عدالت اوریا مقبول جان کی درخواست ضمانت منظور کرے۔
اس موقع پر ایف آئی اے نے اوریا مقبول جان کی درخواست ضمانت کی مخالفت کردی۔سیشن کورٹ نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعد ازاں سیشن کورٹ نے اوریا مقبول جان کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سائبر کرائم کے مقدمے میں اوریا مقبول جان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔