ریسکیو 1122 کے سابق ڈی جی ریٹائرڈ بریگیڈیئر امیر حمزہ فائرنگ سے جاں بحق
جہلم کے قریب للہ انٹرچینج پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے نشانہ بنایا۔اہلیہ اور بیٹی زخمی۔
ریسکیو ادارے 1122کے سابق ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈیر ریٹائرڈ امیر حمزہ کو قتل کر دیا گیا۔
یہ واقعہ عید کے موقع پر جہلم کے علاقے للہ انٹرچینج پر پیش آیا۔ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں چار نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
کامرس کالج کے پرنسپل محمد ایوب کے مطابق ان کے بھائی بریگیڈیئر ریٹائرڈ امیر حمزہ اپنی اہلیہ صفیہ اور بیٹی مسکان کے ہمراہ کار میں اپنی دوسری بیٹی سے عید ملنے چکوال جا رہے تھے۔مدعی کے مطابق وہ اپنے بھائی کی گاڑی سے کچھ فاصلے پر اپنے ایک کزن کے ساتھ موٹر سائیکل پر پیچھے پیچھے آ رہے تھے۔جونہی للہ انٹرچینج پر ان کے بھائی کی گاڑی کی رفتار کم ہوئی، اچانک دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد نے گاڑی کو گھیرے میں لے کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
مدعی کے مطابق قاتلوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ان کا ہدف پورا ہو جس کے بعد وہ فرار ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق ریٹائرڈ بریگیڈیئر کی موقع پر موت واقع ہو گئی جبکہ ان کی 21 سالہ بیٹی اور اہلیہ زخمی ہیں۔
Ex-DG of Rescue 1122 Brigadier (R) Amir Hamza killed,ریسکیو 1122 کے سابق ڈی جی ریٹائرڈ بریگیڈیئر امیر حمزہ قتل