رونالڈو اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں،ساتھی فٹبالر کا انکشاف
سعودی فٹبال کلب النصر کے سابق گول کیپر اور رونالڈو کے ساتھی فٹبالر نے انکشاف کیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں۔
ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سعودی فٹبالر ولید عبداللہ جو کہ رونالڈو کے کلب النصر میں سابق گول کیپر بھی تھے نے انکشاف کیا کہ رونالڈو اسلام کی تعلیمات اور سعودی عرب کی ثقافت کے بارے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رونالڈو واقعی اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے میں نے ان سے بات بھی کی اور انہوں نے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔
سعودی فٹبالر ولید عبداللہ کا کہنا تھا کہ النصر سے کھیلتے ہوئے رونالڈو گول کرنے کے بعد میدان میں سجدہ بھی کر چکے ہیں اور کھلاڑیوں کو ہمیشہ نماز پڑھنے اور اسلامی روایات کی پیروی کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ جب بھی ٹریننگ کے دوران اذان ہوتی ہے، رونالڈو کوچ سے درخواست کرتے ہیں کہ ٹریننگ کو روک دیا جائے تاکہ ان کے ساتھی کھلاڑی نماز ادا کر سکیں۔
انٹرویو میں ولید نے اس واقعے کا بھی ذکر کیا جب مئی 2023میں النصر کے لیے گول کرنے کے بعد رونالڈو نے میدان میں سجدہ کیا۔
ولید نے بتایا کہ جب رونالڈو نے سجدہ کیا تو ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے ایک ساتھ اللہ اکبر کا نعرہ لگایا۔
انہوں نے کہا کہ رونالڈو اسلام قبول کریں یا نہ کریں، لیکن ان کا ڈسپلن اور محنت ہی انہیں اس مقام تک لے آئی ہے، جو بھی سعودی عرب آتا ہے، وہ رونالڈو سے متاثر ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں رونالڈو اور سعودی کلب النصر کے درمیان ڈھائی سالہ معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت النصر کلب نے انہیں 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز معاوضہ ادا کرنا ہے۔