دہشت گردوں کو جہاں پائیں گے ان کو ختم کریں گے،آرمی چیف
دہشت گردوں کو جہاں پائیں گے ان کو ختم کریں گے، آرمی چیف
قربانیوں کا سلسلہ دہشت گردوں کے خاتمہ تک جاری رہے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کاسلسلہ آج بھی جاری ہے
یوم دفاع پر قوم کی جانب سے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ جنرل ہیڈکوارٹرز میں یوم دفاع و شہداء کی خصوصی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ گزشتہ 20 سال سے فتنہ الخوارج کے خلاف جنگ جاری ہے، دہشت گردوں کےلیے زمین تنگ کر دی جائے گی، عزم استحکام کسی نئے آپریشن کا نام نہیں جس میں کسی کو بے دخل کیا جائے، افواج پاکستان اور عوام کا رشتہ دل کا رشتہ ہے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی کےلیے سیاسی اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھالیں، ہمارا اصل اثانہ ہماری قوم اور نوجوان ہیں، جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے، ہم کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ یوم دفاع اور شہداء کے موقع پر بہادروں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہوں، آج شہداء اور ان کی فیملیز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستانی قوم ایک جری اور بہادر قوم ہے، پاکستانی قوم کے عظیم جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قربانیوں کا سلسلہ دہشت گردوں کے خاتمہ تک جاری رہے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کاسلسلہ آج بھی جاری ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، افواج پاکستان اور عوام کا رشتہ دل کا رشتہ ہے، یہی مضبوط رشتہ دشمنوں کی شکست کا باعث ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت صرف غزہ تک محدود نہیں ہے، جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کےحل سے مشروط ہے، حق خود ارادیت ملنے تک کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیر اور فلسطین میں استحصال عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
وزیراعظم اور آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی، وفاقی کابینہ کے ارکان، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شہداء کے اہلخانہ بھی تقریب میں موجود تھے۔