دہشتگردوں کی کوشش ناکام،54خوارجہ ہلاک

سکیورٹی فورسز نے افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور تمام 54 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 25 ، 26 اپریل اور 26، 27 اپریل کی درمیانی شب، شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان-افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کے گروپوں کی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت مانیٹر کیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تمام 54 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے،ہلا ک دہشتگردوں سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے ،

پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی جانب سرحدی نگرانی کے موثر انتظامات یقینی بنائے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہر قیمت پر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر مکمل طور پر تیار ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کی صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کی در اندازی ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے آپریشن میں تمام 54 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے شاندار پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بر وقت روکا۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنے عزم میں غیر متزلزل ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کامیاب کارروائیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔