دبئی میں لاپتہ اسرائیلی مذہبی رہنما کی لاش مل گئی
دبئی میں لاپتہ اسرائیلی مذہبی رہنما کی لاش مل گئی
دبئی میں جمعرات سے لاپتہ اسرائیلی ربی (مذہبی رہنما) کی لاش مل گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر اور اسرائیلی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ ربی زوی کوگن کی لاش مل گئی ہے۔اسرائیلی اور اماراتی حکام نے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ کوگن کا قتل ایک مجرمانہ اور یہود مخالف دہشت گردی کا واقعہ ہے، اسرائیلی ریاست مجرموں کو انجام تک پہنچانےکے لیے ہر اقدام کرےگی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق مقتول یہودی ربی زوی کوگن کے پاس یورپی ملک مالدووا کی شہریت بھی تھی۔
زوی کوگن نے مالدووا کے پاسپورٹ پر دبئی کا سفر کیا تھا۔ یو اے ای میں مالدووا کا سفارت خانہ بھی قتل کی تحقیقات میں شامل ہوگیا ہے۔
اماراتی وزارت داخلہ اور اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نےگزشتہ روز زوی گوکن کے لاپتہ ہونے کا بتایا تھا۔