خطہ کوہسار کی نامور علمی شخصیت اور سابق معلم ممتاز حسین شاہ انتقال کر گئے
گورنمنٹ ہائی سکول بیروٹ سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں پانچ دہائیوں تک علم بانٹتے رہے۔
گورنمنٹ ہائی سکول بیروٹ (کیپٹن عمیر عبداللہ شہید ہائر سیکنڈری سکول) ایبٹ آباد کے سابق استاد اور خطہ کوہسار کی نامور علمی شخصیت سید ممتاز حسین شاہ طویل علالت کے بعد منگل کی شب کہوٹہ راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ان کا شمار خطہ کوہسار کی ان گنی چنی علمی شخصیات میں ہوتا تھا جو بیک وقت اردو، انگریزی اور فارسی پر عبور رکھتے تھے۔ان کی عمر نوے برس سے زائد تھی اور وہ پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے تک درس و تدریس سے وابستہ رہے۔ان کی نماز جنازہ آج بروز بدھ راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔
مرحوم کا پورا گھرانہ علم و ادب کا وارث اور امین تھا۔ان کے والد سید فضل حسین شاہ قیام پاکستان سے پہلے گورنمنٹ پرائمری سکول بیروٹ سمیت سرکل بکوٹ کے مختلف تعلیمی اداروں میں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتے رہے۔ ان کے بعد ممتاز حسین شاہ نے بطور مدرس شعبہ تعلیم سے وابستگی اختیار کی اور ان کی تقلید میں ان کے برادر خورد اقبال حسین شاہ بھی درس و تدریس سے وابستہ ہوئے جو چند برس پہلے انتقال کر گئے اور مانسہرہ میں آسودہ خاک ہیں۔
ممتاز شاہ کے ایک اور بھائی بھی شعبہ تعلیم سے وابستہ اور محکمہ تعلیم میں اہم عہدے پر فائز رہے ہیں۔ مرحوم کے شاگردوں کی تعداد ہزاروں میں ہے جو ملک کے طول و عرض میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
مرحوم کم و بیش 15 برس پہلے ریٹائرمنٹ کے بعد کہوٹہ میں اپنے فرزند کے پاس رہائش پذیر تھے۔وہ کچھ عرصے سے صاحب فراش تھے۔پیر کی شب تقریبا 10 بجے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔انا للہ وانا الیہ راجعون