
حماس حملوں میں اب تک 600 اسرائیلی ہلاک ، کئی امریکی بھی مارے گئے
اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی صبح سے اب تک حماس کے حملوں کے نتیجے میں 600 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 2ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔حکام نےیہ بھی بتایا ہے کہ اب تک سو سے زیادہ اسرائیلی شہریوں کو یرغمال بنائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسرائیلی حکام نے یہ نہیں بتایا کہ ان میں فوجیوں کی تعداد کتنی ہے تاہم گزشتہ روز حماس کی جانب سے جو ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہیں ان میں زیادہ تر یرغمالی فوجی تھے جن میں ایک میجر جنرل بھی شامل تھا۔
دوسری جانب غزہ میں وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملوں میں اب تک 370 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 2200 سے تجاوز کر چکی ہے۔
کئی امریکی بھی مارے گئے،نیا انکشاف سامنے آ گیا
گزشتہ روز کے حملوں کے حوالے سے اتوار کو ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں امریکہ نے یہ دعوی کیا ہے کہ اسرائیل میں حماس کے حملوں میں مارے جانے والے افراد میں کئی امریکی بھی شامل ہیں تاہم ان کی درست تعداد فی الوقت بتانے سے قاصر ہیں۔
گذشتہ روز اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے دو صحافی
بی بی سی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکی حکومت کو یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ گزشتہ روز کے حملوں میں کئی امریکی شہری بھی مارے گئے ہیں تاہم حکام اس کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اسرائیل کے پاس ضرورت کے مطابق سامان ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ امریکہ اس لڑائی میں کھل کر اسرائیل کا ساتھ دے رہا ہے اور گزشتہ روز امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ امریکہ اسرائیل کو تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گا۔
So far, 600 Israelis killed in Hamas attacks, including Americans,حماس حملوں میں 600 اسرائیلی ہلاک ، کئی امریکی بھی مارے گئے