حج آپریشن کو مکمل ڈیجیٹلائزکرنے کی تیاری،لائیو ایپ بنے گی

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ حجاج کرام کی سہولت کے لئے لائیو موبائل ایپ تیار کی جائے گی جس میں تمام تفصیلات اور ٹریکنگ ممکن ہو گی۔ نگراں وفاقی وزیر برائےمذہبی امور انیق احمد نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر عمر سیف کے ہمراہ اجلاس میں بتایا کہ حجاج کی نقل و حرکت اور مالیاتی نظام کے لیے کمپوٹرائزڈ نظام تشکیل دیاجائے گا ۔
اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے حج آئی ٹی سسٹم میں بہتری اور اصلاحات لانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ حجاج کو بہتر سہولیات دینے اور شکایات کے ازالہ کے نظام کو تیز تر کیا جائے۔ اجلاس میں پنجاب آئی ٹی بورڈ، نیشنل آئی ٹی بورڈ اور وزارتِ مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹریز، جوائنٹ سیکرٹری حج اور حج آئی ٹی سیل کے نمائندے شریک ہوئے۔
وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ وہ حج آپریشن کو مکمل ڈیجیٹلائز اور اینڈ ٹو اینڈ پیپر لیس کرنا چاہتے ہیں۔ تمام حجاج کی آسانی کے لیے لائیو موبائل ایپ تیار کی جائے گی جس میں تمام تفصیلات اور ٹریکنگ ممکن ہو گی۔ سعودی عرب میں حجاج کی نقل و حرکت اور مالیاتی نظام کے لیے کمپوٹرائزڈ نظام تشکیل دیں گے۔نجی حج گروپ کے مینیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو مزید فعال بنایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیٖف نے یقین دلایا کہ حجاج کی بہتری کیلئے وزارتِ آئی ٹی اپنا بھرپور تعاون مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ موجودہ حج انفارمیشن سسٹم کا تفصیلی تجزیہ کے بعد بہتری کی تجاویز دے گا۔ وزارتِ آٹی حج انفارمیشن سسٹم کو مربوط بنانے کیلئے ماہرین کی ٹیم مذہبی امورمیں تعینات کرے گی۔ NITB اور PITB کی سٹیئرنگ کمیٹی سسٹم ڈویلپمنٹ پر پیشرفت کو یقینی بنائے گی۔ نئے حج انفارمیشن سسٹم کی پیش رفت پر وزارتِ آئی ٹی میں ہفتہ وار اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
Complete digitalization of Hajj operation planned, Live app will be made,حج آپریشن کو مکمل ڈیجیٹلائزکرنے کی تیاری،لائیو ایپ بنے گی