
حافظ نعیم کا لانگ مارچ کا اعلان
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے رمضان کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے جاری بیان میں حافظ نعیم نے اعلان کیا کہ ماہ رمضان کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے، بڑی شاہراہوں پر دھرنے، گورنرز، وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کے گھیراؤ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی کال دیں گے، پورے ملک سے قافلے نکلیں گے، کسان، مزدور، طلبا سمیت عوام کی بڑی تعداد اپنے حقوق کے لیے نکلیں گے، ہر طبقہ بجلی کی قیمتوں میں کمی، آئی پی پیز کے خلاف پرامن مزاحمتی جدوجہد کا حصہ ہوں گے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائے گا، ملک کا نظام بوسیدہ ہو چکا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیکا قانون کا پہلا شکار جماعت اسلامی مانسہرہ کے امیر کو بنایا گیا، آزادی اظہار رائے پر قدغن کے اس قانون کو ایک دفعہ پھر مسترد کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئی ٹی کا انقلاب برپا کررہی ہے، لاکھوں بچوں بچیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروا کے انہیں روزگار کے قابل بنائیں گے، حکمران آئی پی پیز کو ہزاروں ارب دینے کے لیے تیار، نوجوانوں کو مفت تعلیم نہیں دے سکتے۔