
جھیکا گلی کے تاجروں کا مری انتظامیہ سے معاہدہ ہو گیا
جھیکا گلی مری کے تاجروں اور میونسپل کارپوریشن مری کے درمیان معاہدہ طے پا گیاہے جس کے تحت تمام تاجر اپنی دکانیں خالی کر دیں گے،
انہیں میونسپل کارپوریشن کی اراضی پر دکانوں کی تعمیر کے لیے جگہ فراہم کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر مری کے دفتر میں طے پانے والے معاہدے پر جھیکا گلی کے تمام دکانداروں کے دستخط موجود ہیں جبکہ انجمن تاجران مری کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔معاہدے میں طے پایا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی فراہم کردہ زمین پر تاجر اپنے اخراجات سے دکانیں تعمیر کریں گے تاہم بعد ازاں یہ رقم کرائے کی مد میں ایڈجسٹ کر لی جائے گی۔
علاوہ ازیں "لاس آف بزنس” کی مد میں تاجروں کو ادائیگی ہونے تک ان کی دکانیں مسمار نہیں کی جائیں گی۔دوسری طرف ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مری نے تاجروں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مری موڈیفیکیشن پلان پر ہر صورت عمل درآمد ہوگا تاہم وزیراعلی پنجاب کے احکامات پر عمل درامد کیا جائے گا اور تاجروں سے کسی قسم کی زیادتی نہیں ہوگی جس کا جو معاوضہ بنتا ہے اس سے بڑھ کر ادا کیا جائے گا۔واضح رہے کہ جھیکا گلی کے دکانداروں نے گزشتہ تین روز سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کر رکھی تھی۔