تحریک انصاف نے ہزارہ کے تین آزاد امیدواروں کو پارٹی سے نکال دیا
پاکستان تحریک انصاف نے ہزارہ ڈویژن میں آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے والے تین امیدواروں کو پارٹی سے نکالتے ہوئے ان کی بنیادی رکنیت منسوخ کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 42 غضنفر علی عباسی اور پی کے 43 سے امیدوار شہزاد گل اعوان کو پارٹی قوانین کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف سے نکال دیا گیاہے۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے امیدوار کے مقابلے میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے ایک اور امیدوار سید آفتاب شاہ کی بھی بنیادی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے جو مانسہرہ میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 14 اور پی کے 40 سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے ریجنل پریزیڈنٹ برائے ہزارہ ڈویژن بابر سلیم سواتی کے دستخطوں سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ تینوں افراد پارٹی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کے خلاف آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں اور پارٹی کی ہدایات کے باوجود انہوں نے فیصلہ تبدیل نہیں کیا لہٰذا ان کی بنیادی رکنیت منسوخ کی جاتی ہے۔