
تاوان نہ دینے پرراولپنڈی کا مغوی ٹیکسی ڈرائیور اوباڑو میں قتل کر دیا گیا
ارشد کو سستی کار کے لالچ نے سندھ پہچا دیا-ڈاکووں نےبہن سے 2 کروڑ تاوان مانگا
سستی گاڑی کے لالچ نے قیمتی انسانی جان لے لی۔تاوان کی عدم ادائیگی پر راولپنڈی کے ٹیکسی ڈرائیور ارشد محمود کو سندھ کے شہر اباڑو میں قتل کر دیا گیا۔
واقعے سے متعلق موصولہ تفصیلات کے مطابق ارشد محمود کو سستی کار بیچنے کا لالچ دے کر ڈاکوؤں نے سندھ بلایا اور اسے یرغمال بنا کر مقتول کی بہن سے 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کردیا۔ تاوان نہ ملنے پر ارشد کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا اور اس کی لاش ماچھکہ کے علاے میں پھینکی گئی۔ پولیس کو جب ارشد محمود کی لاش ملی تو اسے کتوں نے بھنبھوڑا ہوا تھا۔ارشد محمود 5 بچوں کا باپ تھا۔
مقتول کی بہن اور ڈاکوؤں کی گفتگو پر مبنی آڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں ڈاکووں کو تاوان طلب کرتے سنا جا سکتا ہے۔۔ پولیس ذرائع کے مطابق 2 ہفتوں کے دوران ڈاکو تاوان نہ دینے پر تین مغوی شہریوں کو قتل کرچکے ہیں۔دوسری طرف ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب مقصود الحسن کا کہنا ہےکہ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے سندھ پولیس سے مستقل رابطے میں ہیں، سندھ پولیس کے اعتراض پر ہم ماچھکہ کے ایریا میں پولیس چوکی قائم کر رہے ہیں، یہ فیصلہ حال ہی میں ڈی پی او رحیم یار خان اور ڈی پی او گھوٹکی کے درمیان ایک اجلاس میں طے ہوا۔
ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ ڈاکوؤں کا شکار ہونے والے زیادہ افراد ہنی ٹریپ کا نشانہ بنتے ہیں جن کی روک تھام بہت مشکل ہے، یہ سادہ لوح انسان اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر ڈاکوؤں کے چنگل میں آسانی سے پھنس جاتے ہیں۔