بھارتی یوم آزادی پرایل او سی کےدونوں طرف کشمیریوں کایوم سیاہ
آزادکشمیر کے تمام ڈویژنز، ڈسٹرکٹ سطح پر بھارت مخالف ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے

بھارت کے یوم آزادی کو لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔
آزادکشمیر کے تمام ڈویژن، ڈسٹرکٹ سطح پر بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا گیا۔جن میں سیاسی قیادت اورسول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔جموں وکشمیر لبریشن کمیشن کے زیر اہتمام دارالحکومت مظفرآبا د میں برہان وانی چوک تا گھڑی پن چوک مرکزی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی قیادت وزیر حکومت چوہدری محمد رشید، وائس چیئرمین پاسبان حریت مشتاق الاسلام اور سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن کمیشن واطلاعات انصر یعقوب نے کی۔احتجاجی ریلی میں سیاسی قیادت، ملازمین، تاجر تنظیموں کے عہدیداران،مہاجرین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے کہا کہ کشمیری ہمیشہ کی طرح بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔ بھارت کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں اوریہ ہمارا عزم ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔