بچی پر تشدد میں ملوث جج کی اہلیہ کی گرفتاری کیلئے پولیس متحرک
اسلام آباد کے تھانہ ہمک میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔جسم کا کوئی حصہ محفوظ نہیں تھا-والد

کمسن ملازمہ کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے پر پولیس نے جج کی اہلیہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جس کے بعد پولیس ملزمہ کی گرفتاری کیلئے متحرک ہو گئی ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ ہمک میں مقدمہ درج کراتے ہوئے سرگودھا کے رہائشی منگا خان نے بتایا کہ5ماہ قبل چوہدری مختارکی معرفت اپنی تیرہ سالہ بیٹی رضوانہ کو گھریلو کام کے لیے سول جج عاصم حفیظ کے گھر بھجوایا اور ماہانہ تنخواہ 10 ہزار طے پائی۔ ہماری بچی جج کے گھر کام کرنے لگی اور وقتا فوقتاجج کی بیوی سومیہ میری بیٹی سے فون پر بات کرا دیتی تھی۔
منگا خان کے مطابق 23 جولائی کو میں اپنی بیوی شمیم اورسالے محمد فیاض کے ساتھ بیٹی کو ملنے اسلام آباد سول جج عاصم حفیظ کے گھر گیا۔ ہم دروازے سے داخل ہوئے تو ایک کمرے سے میری بچی کے رونے کی آواز آئی ،جس پر مجھے تشویش ہوئی۔ ہم تینوں نے اس کمرے کا رخ کیا تو دیکھا کہ میری بیٹی زخمی حالت میں پڑی ہے اور زارو قطار رورہی ہے۔
جب میں نے اپنی بیٹی کو دیکھا تو اس کے سر میں زخم تھے جن میں کیڑے پڑے ہوئے تھےجبکہ دونوں بازو،ٹانگیں اورپورا چہرہ زخمی تھا جبکہ دانت بھی ٹوٹا ہوا تھا،آنکھیں ، ہونٹ اور ناک پر سوجن تھی، پیٹھ پر بھی زخم تھے،پسلیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔ بیٹی نے ہمیں بتایا کہ حج کی بیوی سومیہ بی بی روزانہ مجھے ڈنڈوں اور چمچوں سے تشدد کا نشانہ بناتی تھی۔ رات کو مجھے بھوکا پیاسا پھینک دیتی تھی اور تقریباً جب سے میں ادھر آئی ہوں۔ اس نے مجھے کمرہ میں بند کر کے حبس بے جامیں رکھا ہوا ہے، مجھے یہاں سے لے جاؤ ۔
ایف آئی آر کے مطابق ہم وہاں سے فی الفورنکلے اور سر گودھا پہنچے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا ایمر جنسی میں آئے، جہاں میری بیٹی کی حالت غیر ہو گئی تو ڈاکٹروں نے اسے لاہور جنرل ہسپتال ریفر کر دیا ۔
دوسری طرف ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے والد کی درخواست موصول ہونے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمہ کی گرفتاری کے لئے ٹیم کو متحرک کیا جارہا ہے، انھوں نے مزید بتایا کہ مقدمہ کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی اورتمام ترقانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے،قانون سب کے لئے برابر ہے۔
دونوں بازو فریکچر-زخم میں کیڑے ،کلائی سے کہنی تک آپریشن ہو گا
مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی 14 سالہ ملازمہ رضوانہ کا علاج کرنے والے ڈاکٹر کا بیان سامنے آیا ہے۔جنرل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر خالد نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ بچی کے دونوں بازو فریکچرڈ ہیں، کلائی سے کہنی تک اس کا آپریشن ہو گا۔
ڈاکٹر خالد نے بتایا کہ بچی کے سر کا آپریشن ہوا ہے، زخم میں کیڑے پڑے ہوئے تھے۔ بچی کا بلڈ پریشربھی کم ہے، طبیعت ٹھیک ہوتے ہی آپریشن کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملازمہ بچی کے چہرے پر زخم کا علاج بھی ہو رہا ہے۔
دوسری طرف واقعے سے متعلق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا کا کہنا تھا کہ بچی کے سر پر چوٹوں کے 15 نشانات ہیں انہوں نے تصدیق کی کہ زخموں میں کیڑے پڑ چکے ہیں۔
کمسن بچی کی والدہ کو صلح اور رقم کی پیشکش
سول جج عاصم حفیظ نے اہلیہ کے ہاتھوں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن بچی کی والدہ سے رابطہ کرکے صلح کی پیشکش کردی۔متاثرہ بچی کی والدہ نے بتایاکہ صلح اور رقم کی پیش کش کی گئی ہے لیکن ہم نے پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا۔
والدہ کے مطابق جج نے کہا علاج کا سارا خرچہ اورالگ سے بھی رقم دینےکو تیار ہوں لیکن ان کو واضح کردیا ہے مجھے انصاف چاہیے۔متاثرہ بچی کی والدہ کا کہنا تھاکہ جج کو کہا آپ عدالتوں میں انصاف کرتے ہیں آج اپنے کیس میں بھی انصاف کریں۔