
بنگلہ دیش عام انتخابات: حسینہ واجد کامیاب
پانچویں مرتبہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے پرعزم دکھائی دے رہی ہیں۔
بنگلہ دیش میں الیکشن کے ابتدائی نتائج میں شیخ حسینہ کی حکمران جماعت عوامی لیگ اور ان کے اتحادیوں نے کم از کم 85 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی۔
بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد اتوار کو اپوزیشن کی جانب سے عام انتخابات کے بائیکاٹ کے بعد پانچویں مرتبہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے پرعزم دکھائی دے رہی ہیں۔
بنگلہ دیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق 300 نشستوں میں سے ایک تہائی سے زائد نشستوں کے نتائج کے اعلان کے بعد عوامی لیگ اور ان کے اتحادیوں نے
کم از کم 85 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔
حسینہ واجد ان کی پارٹی عوامی لیگ کو اس الیکشن میں کسی سخت حریف کا سامنا نہیں کرنا پڑا،
لیکن اس نے کچھ حلقوں میں امیدوار کھڑے کرنے سے گریز کیا ہے جو بظاہر مقننہ کو ایک جماعتی ادارہ قرار دیے جانے سے بچنے کی ایک واضح کوشش ہے۔
حزب اختلاف کی اہم جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے،
جس کی صفوں کو بڑے پیمانے پر گرفتاریوں سے تباہ کر دیا گیا،
آج عام ہڑتال کا اعلان کیا تھا اور درجنوں دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر ’دکھاوے کے انتخابات‘ میں حصہ لینے سے انکار کر دیا۔