برف باری سے گلیات میں جاتی سردی لوٹ آئی
اپریل کے آخر میں برفباری پر مقامی لوگ اور سیاح حیران۔ بارشوں سے متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ
گلیات (نوید اکرم عباسی) اپریل کے آخر میں جاتی سردی لوٹ آئی۔گلیات کے پہاڑوں پر ایک بار پھر برفباری شروع ہو گئی ۔29 اپریل پیر کی سہہ پہر چھانگلہ گلی، توحید آباد، ڈونگا گلی، نتھیاگلی سمیت گلیات کے ملحقہ علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔سیاحوں کے ساتھ مقامی لوگوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔
لوگ اس بات پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ اس مہینے میں برفباری اور وہ بھی اس قدر شدید جیسے سردیوں میں آسمان سے روئی کے گالے اتر رہے ہوں۔ اس اچانک اور غیر متوقع برفباری سے سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا۔ تاہم دوسری جانب بارشوں کے باعث جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ سے نتھیاگلی بکوٹ روڈ ،کوہالہ راولپنڈی روڈ سمیت دیگر رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔ بارشوں کے باعث دریائے جہلم میں کوہالہ کے مقام پر کافی عرصے بعد طغیانی دیکھی جارھی ہے۔
ادھر مری کے گرد و نواح میں متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بھی رابطہ سڑکیں جزوی طور پر بند ہو گئیں۔علیوٹ کے مقام پر ایک بڑی چٹان آبادی کی جانب سرکنے لگی جس کے باعث مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی ممکنہ جانی نقصان کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔