ایف بی آر نے 6 ارب کی 1010 گاڑیاں خریدنے کی تیاری کر لی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تقریباً 6 ارب روپے مالیت کی ایک ہزار دس زیادہ نئی گاڑیاں خریدنے کی تیاری کر لی ہے،اس سلسلے میں ادارے کی جانب سے ہونڈا کمپنی کو خط لکھ دیا گیا ہے،پہلے مرحلے میں تین ارب ادائیگی کا فیصلہ. نئی کاریں فیلڈ آفیسرز کو دی جائیں گی
گاڑیوں کی خریداری کو ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کا حصّہ قرار دیا جا رہا ہے۔ایف بی آر ترجمان کے مطابق یہ گاڑیاں فیلڈ آفیسرز کیلئے خریدی جا رہی ہیں. ادارے نے ایک کار کمپنی کو 6 ارب روپے سے زیادہ مالیت کی 1010 نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے لیٹر آف انٹنٹ جاری کر دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ نئی گاڑیوں کی خریداری 2 مرحلوں میں ہوگی اور پوری رقم ایف بی آر ادا کرے گا۔ 500 گاڑیوں کی خریداری کے لیے 3 ارب روپے کی ایڈوانس ادائیگی کی جائے گی جسے پہلی کھیپ کی مکمل اور بقیہ گاڑیوں کی جزوِی ادائیگی تصور کیا جائے گا۔پانچ سو گاڑیوں کی پہلی کھیپ کی ترسیل کے بعد بقیہ ادائیگی کی جائے گی۔ 1,010 گاڑیوں کی فراہمی جنوری سے مئی 2025 کے درمیان ہوگی۔پہلے مرحلے میں جنوری میں 75، فروری میں 200 اور مارچ میں 225 گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں اپریل میں 250 گاڑیاں اور مارچ میں 260 گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ان گاڑیوں کی خریداری ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہے۔ گاڑیاں خاص طور پر فیلڈ افسران کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ہیں۔ یہ گاڑیاں صرف فیلڈ افسران کے استعمال کے لیے ہوں گی۔