ایرانی صدر اور ساتھیوں کی نماز جنازہ منگل کو ادا کی جائے گی
ایرانی صدر اور ساتھیوں کی نماز جنازہ منگل کو ادا کی جائے گی
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی نمازجنازہ منگل کو ادا کی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی صوبہ مشرقی آذربائیجان کے حکومتی عہدیدار حسن حقیقیان نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کی نمازجنازہ منگل کو تبریز شہر میں ادا کی جائے گی۔
نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد ابراہیم رئیسی کی میت کو تہران لے جایا جائے گا، صدر رئیسی کو شمال مشرقی ایران میں ان کے آبائی شہر مشہد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز جا رہے تھے، ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر خراب موسمی حالات میں دیزمر جنگل میں کریش ہوا، حادثہ ضلع اُوزی اور پیر داؤد قصبے کےدرمیانی علاقے میں پیش آیا۔
کریش ہونے والے ہیلی کاپٹر میں صدر رئيسی کے ساتھ ایرانی وزير خارجہ حسین امیرعبداللہیان، مشرقی آذر بائيجان کے گورنر مالک رحمتی اور ایرانی سپریم لیڈر کے ترجمان بھی سوار تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز کے آدھے گھنٹے بعدصدارتی ہیلی کاپٹر کا دیگر 2 ہیلی کاپٹروں سے رابطہ منقطع ہوا، ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ شدید دھند اور بارش کو قرار دیا گیا ہے۔