ایبٹ آباد پریس کلب میں منفرد قرعہ اندازی
صحافیوں کو عمرے کے ٹکٹ، موٹر سائیکلیں اور لیپ ٹاپ فراہم کیے

ایبٹ آباد (نوید اکرم عباسی )
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر طفیل گنڈا پور نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سندھ کے مختلف اضلاع کے بعد بطور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد آئے ہیں۔ ایبٹ آباد میں لینڈ مافیا، قبضہ مافیا، منشیات فروشوں، سود خوروں اور دیگر جرائم پیشہ افراد و گروہوں کے خلاف کاروائیاں ترجیحات میں شامل ہوں گی۔ اب اس علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر عوامی رابطہ کے لیے وقت کا تعین کریں۔
انھوں نے یقین دلایا کہ پولیس میڈیا کے سچ لکھنے اور مثبت تنقید کا خیر مقدم کرے گی۔ پولیس کی اہم ذمہ داری عوامی مسائل کو حل کرنا ہے۔ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ پریس کلب ایشو بنانے کے بجائے شہریوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ میڈیا کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے۔ یہ ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ پولیس جرائم کے قلع قمع کرنے اور معاشرے کی بہتری کے لیے میڈیا کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد پریس کلب میں خوش نصیب صحافیوں میں عمرہ کے ٹکٹ، موٹر سائیکل اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے صدر ایبٹ آباد پریس کلب سردار نوید عالم، جنرل سیکرٹری سردار شفیق، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے محمد شاہد چوہدری، صدر اے یو جے راجہ محمد ہارون، ایس پی انوسٹی گیشن اشتیاق خان اور جنرل سیکرٹری ندیم جدون نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں ایس پی ہیڈ کوارٹر عارف جاوید، ایس پی ٹریفک وارڈن قمر حیات خان، محکمہ اطلاعات کے خان گل جدون کے علاوہ ایبٹ آباد پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے عہدیدران اور ممبران بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔
اس موقع پر ایبٹ آباد پریس کلب میں کی جانے والی قرعہ اندازی میں عمرہ کے لیے خوش نصیب صحافیوں سردار شفیق احمد، محمد ارشد سواتی، ندیم جدون اور اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری پریس کلب دلدار احمد ستی کو ٹکٹ دیے گئے ۔ جب کہ موٹر سائیکل کی قرعہ اندازی میں تین صحافیوں سید اعجاز حسین شاہ، محمد اشفاق اور سردار نوید احمد خوش نصیب رہے۔ 5 صحافیوں محمد شاہد چوہدری، ندیم جدون، عادل عباسی، جمعہ خان اور ہارون تنولی کو لیب ٹاپ دیے گئے۔
ڈی پی او عمر طفیل گنڈا پور کا کہنا تھا کہ انھوں نے ملک کے دیگر حصوں اور صوبوں میں بھی فرائض سر انجام دیے لیکن ایبٹ آباد کا پریس کلب انتہائی خوبصورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لیے صحافیوں نے جو اہم ذمہ داری لی ہے وہ اسے بہ طریق احسن نبھا رہے ہیں۔ ایبٹ آباد کے ساتھ اچھی یادیں وابستہ رہی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ یہاں سے اچھی یادیں لے کر جائیں۔ وہ اندرون سندھ سمیت دیگر علاقوں جیسے کشمور، لاڑکانہ، کراچی ایسٹ، حیدر آباد، خیر پور، گھوٹکی وغیرہ میں ڈی پی او کے طور پر ذمہ داری نبھانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں ایبٹ آباد زیادہ پر امن شہر ہے۔ یہاں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ مختصر مدت میں آئس کے بڑے ڈیلرز پکڑ کے کھیپ برآمد کی گئی ہے۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے میڈیا کے ساتھ مکمل رابطہ کاری رکھنے کی پی آر او کو ہدایت کی۔
قبل ازیں صدر ایبٹ آباد پریس کلب سردار نوید عالم، جنرل سیکرٹری سردار شفیق احمد اور دیگر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ایبٹ آباد پریس کلب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے صحافیوں کو موقع فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پریس کلب کے ممبران کی انشورنس بھی کروائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایبٹ آباد سکولز کا شہر ہے۔ یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھا ہے۔ ایبٹ آباد کا سب سے بڑا تعارف یہاں کا امن ہے۔ ایبٹ آباد پریس کلب نے شہریوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے تنقید برائے اصلاح کو پیشہ ورانہ امور میں اہمیت دی ہے ۔ نیز صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی ملک کے دیگر پریس کلبوں کے مقابلے میں منفرد اقدامات کیے ہیں۔
ایبٹ آباد پریس کلب نے اب تک 30 صحافیوں کو عمرہ کے ٹکٹ دیے ہیں۔ اس کے علاوہ پریس کلب صحافیوں کو موٹر سائیکل بھی فراہم کرتا ہے۔ صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے لیب ٹاپ بھی دیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی بے شمار فلاحی کام انجام دیے ہیں ۔
انہوں نے ڈی پی او کو شہر میں سود خوروں، قبضہ مافیا، تجاوزات اور منشیات (بالخصوص آئس) کے خاتمہ کے لئے کام کو ترجیحات میں رکھنے پر زور دیا تاکہ ایبٹ آباد کو منشیات فری بنانے میں کامیابی حاصل ہو۔